لاڑکانہ ،سگ گزیدگی کے واقعات میں کمی نہ آسکی

82

لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) سندھ کے چوتھے بڑے اہم شہر لاڑکانہ میں آوارہ کتوں کی بہتات کم نہیں ہو سکی ہے اور آئے روز آوارہ کتوں کی جانب سے شہریوں کو کاٹ کر زخمی کر دینے کے سلسلے میں اضافہ ہی ہوتا جا رہا ہے، سردیوں کا موسم شروع ہوتے ہی آوارہ کتوں کے کاٹنے کے کیسز میں اضافہ ہمیشہ ہی سامنے آتا ہے لیکن اس کے لیے خاطر خواہ اقدامات نہیں کیے جاتے، چانڈکا اسپتال لاڑکانہ کے شعبہ حادثات میں قائم اے آر وی سینٹر انچارج کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق صرف آج ایک روز میں ضلع بھر میں کم و بیش 20 نئے کیسز جبکہ ہفتہ بھر میں پچاس سے زائد کیسز رونما ہو چکے ہیں، یہ خوش آئند چیز ہے کہ ماضی کے مقابلے میں اب کتے کے کاٹے سے بچاؤ کی ویکسین ہر وقت دستیاب رہتی ہے لیکن اسی تناسب سے کتے کے کاٹے کے کیسز میں بھی اضافہ ہوا ہے، اعداد و شمار سے یہ بھی معلوم ہوتا ہے کہ متاثرین میں زیادہ تر تعداد بچوں کی ہوتی ہے، ماضی قریب میں لاڑکانہ میں دو معصوم بچے آوارہ کتوں کی بھینٹ چڑھے اور انہیں جان سے ہاتھ دھونا پڑا لیکن یہاں عملی اقدامات سست روی کا شکار ہیں ۔اس سلسلے میں میونسپل کمشنر لاڑکانہ سید امداد شاہ کا کہنا ہے کہ وہ یومیہ بنیادوں پر آوارہ کتوں کا زہریلی ادویات سے خاتمہ کر رہے ہیں لیکن شہری ضلع انتظامیہ، میونسپل ایڈمنسٹریٹر کی کارکردگی سے نالاں نظر آتے ہیں۔