لاہور: پنجاب حکومت نے اپوزیشن لیڈر شہبازشریف اور حمزہ شہبازشریف کی 5 روز کیلئےپیرول پررہائی کی منظوری دے دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کی کابینہ نے سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کے انتقال پرشہباز شریف اور ان کے بیٹے و پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز کی 5 روز کیلئے پیرول پر رہائی کی منظوری دے دی۔
ذرائع محکمہ داخلہ پنجاب کے مطابق دونوں کو 5 روز کیلئے پیرول پر رہا کیا جائے گا جبکہ ان کی رہائی بیگم شمیم اختر کی میت پہنچنے سے ایک دن پہلے ہوگی۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور شہباز شریف کی والدہ بیگم شمیم اختر کا لندن میں انتقال ہوگیا تھا۔
شہباز شریف اور ان کے بیٹے حمزہ شہباز جیل میں قید ہیں جن کی پیرول پر رہائی کیلئے ن لیگ کی جانب سے درخواست جمع کرائی گئی تھی۔