پی آئی اے، اسٹیل ملز، ریلوے ملازمین کو نکالنا غیر آئینی ہے، رضا ربانی

177

اسلام آباد (صباح نیوز) سابق چیئرمین سینیٹ و پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما رضا ربانی نے کہا ہے کہ پی آئی اے، اسٹیل ملز اور ریلوے سے ملازمین کو نکالنا غیرآئینی ہے، تینوں اداروں کی نجکاری کے فیصلے کی مذمت کرتے ہیں، ہر حکومت کا حصہ رہنے والے لیبر مخالف قوانین بنا رہے ہیں۔ رضا ربانی کا کہنا تھا کہ تینوں ادارے فیڈرل لیجسلیٹولسٹ پارٹ ٹو کے تحت کام کرتے ہیں، مشترکہ مفادات کونسل کے فیصلے کے بغیر اداروں کے حوالے سے فیصلے نہیں کیے جاسکتے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کو ون یونٹ کی طرف دھکیلا جا رہا ہے۔ یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیراعظم کے مشیر برائے سادگی مہم و ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین نے اعلان کیا تھا کہ ہم قومی ائر لائن کے ملازمین کی تعداد 14 ہزار سے کم کرکے 7 ہزار اور پاکستان اسٹیل ملز کو لیز کرنے جا رہے ہیں۔