لاڑکانہ، اشتہاری و مطلوب چار ملزمان گرفتار،اسلحہ برآمد

272

لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) ایس ایس پی لاڑکانہ مسعود احمد بنگش کی ہدایات پر لاڑکانہ پولیس نے جرائم پیشہ افراد کیخلاف کارروائیاں کرتے ہوئے اشتہاری و مطلوب چار ملزمان کو گرفتار کرکے اسلحہ برآمد کرلیا۔ سول لائن پولیس نے اسد چانڈیو قتل مقدمے میں اشتہاری ملزم اللہ ڈنو چانڈیو کو پستول اور گولیوں سمیت، کنگا پولیس نے سنگین نوعیت کے پانچ سے زائد مقدمات میں اشتہاری اور مطلوب دو ملزمان اللہ رکیو اور نذیر کلہوڑو کو جبکہ گیریلو پولیس نے دوران چیکنگ مطلوب ملزم سلام عرف الوٹ ابڑو کو گرفتار کرلیا۔ پولیس کے مطابق گرفتار تمام ملزمان کیخلاف ایسے مقدمات درج کرکے تفتیش شروع کردی گئی ہے۔ شہداد کوٹ کے قریب بائی پاس روڈ پر تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر میں پیدل جانے والے گاؤں مٹھا خان مستوئی کے رہائشی ضعیف شخص سامنو خان چانڈیو شدید زخمی ہوئے، جسے ورثاء کی جانب سے تشویشناک حالت میں چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات منتقل کیا گیا، جہاں انہیں طبی امداد دی گئی۔ ورثاء کے مطابق سامنو خان چانڈیو پیدل شہدادکوٹ شہر جارہے تھے کہ بائی پاس روڈ پر تیز رفتار موٹر سائیکل کی ٹکر سے شدید زخمی ہوئے، جسے اسپتال منتقل کیا گیا۔ لاڑکانہ شہر کے مچھلی مارکیٹ بینظیر سینٹر میں گزشتہ روز پرندوں کی دکان میں اچانک آگ لگ گئی، جس کے نتیجے میں 2 لاکھ مالیت کے قیمتی طوطے، کبوتر و دیگر پرندے اور آلو سے بھری ہوئی 8 بوریاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ اطلاع پر حد کے تھانے کی پولیس نے پہنچ کر فائر بریگیڈ عملے کو اطلاع دی، جس پر فائر بریگیڈ عملے نے پہنچ کر آگ پر قابو پالیا۔ اس موقع پر دکان مالک محرم وکو نے بتایا کہ علی الصبح میرے پرندوں کی دکان کو آگ لگ گئی، جس میں آسٹریلوی، فشر، گولڈن، ٹیڈی، شیراز اور اسیل نسل کے 100 سے زائد طوطے اور متعدد کبوتر اور آلو سے بھری ہوئی 8 بوریاں جل کر خاکستر ہوگئیں۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہونے والے نقصان کا ازالہ کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔