اپوزیشن کے جلسوں سے حکومت نہیں جائے گی ، شیخ رشید

69

 

لاہور (صباح نیوز) وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان جلسوں سے کہیں نہیں جا رہے‘ سیاسی جماعتوں میں مذاکرات کے دروازے بند نہیں ہوتے۔ لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان میں الیکشن آزاد امیدواروں نے جیتا
ہے کیونکہ ووٹ بینک کے حساب سے بھی آزاد امیدوار جیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ قوم کو بند گلی میں لے کر جا رہے ہیں‘ نوازشریف اور مریم نواز نے بیان دے کر عمران خان کی خدمت کی‘ خدا اپوزیشن کو عقل و شعور دے کہ وہ تیزی سے مذاکرات کی طرف آئیں‘ مذاکرات اور ڈائیلاگ کا سلسلہ شروع ہو‘ نیب اور این آر او کیسز سے ہٹ کر عمران خان ہر ایک سے بات چیت کے لیے تیار ہے‘ جب سیاسی لوگ سیاسی لوگوں سے بات چیت نہیں کرتے تو سیاست کا جنازہ نکلتا ہے اور مجھے امید ہے کہ اس ملک میں سیاست کا جنازہ نہیں نکلے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ جنرل باجوہ نے ایک نہیں 4 مرتبہ کہا جس کی بھی حکومت ہوگی فوج اس کے ساتھ کھڑی ہوگی‘ کوئی بھی عقل کا اندھا یہ نہ سوچے کہ فوج کو ملک کے کسی مسئلے سے الگ کیا جاسکتا ہے‘ فوج میں بڑا تحمل ہے، وہ اپوزیشن کی طرح بے وقوف اور جذباتی نہیں‘ جلسوں سے کورونا پھیلنے کا خدشہ ہے۔