جماعت اسلامی نظام کی تبدیلی کی تحریک کا نام ہے ، سراج الحق

487

 

پشاور( نمائندہ جسارت)امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی دوسری جماعتوں کی طرح روایتی سیاسی جماعت نہیں ۔ یہ نظام کی تبدیلی کی ایک تحریک ہے جو عوام کے بنیادی حقوق کے تحفظ اور اسلام کے عادلانہ نظام کے نفاذ کی جدوجہد کر رہی ہے ۔ جماعت اسلامی چاہتی ہے کہ اقتدار کرپٹ اور بددیانت لوگوں کے بجائے خوف خدا رکھنے والی عوام کی خادم قیادت کے ہاتھ
میں ہو تاکہ عوام کی ا مانتوں کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے ۔ المرکز اسلامی پشاور کی جامع مسجد میں جمعہ کے بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ اسلام انسانیت کی ترقی و خوشحالی اور فلاح کا سب سے بڑا علمبردار دین ہے ۔پاکستان اسلام کے نظام کے لیے حاصل کیا گیا لیکن سیکولر اور لادین عناصر نے روز اول سے ہی اسکو سیکولر ریاست بنانے کی سازشیں شروع کردیں۔مثالی حکمرانی اور عوام کی خوشحالی اور ترقی کے لیے سیر ت النبیؐ کی پیر و ی ناگزیر ہے ۔ موجودہ حکومت کی معاشی پالیسیوں نے ہر پاکستانی کی مشکلات میںاضافہ کیا ہے ۔سودی نظام اور قرضوں کی بنیاد پر قائم نظام نے پاکستان کی معیشت کو تباہ کر دیا ہے ۔ ملک کا تاجرخوشحال ہوگا تو عوام خوشحال ہوں گے اورروزگار کے مواقع بڑھیں گے ۔ انہوں نے کہاکہ ملک کو انقلاب اور انقلابی و نظریاتی قیادت کی ضرورت ہے ۔ ایسی قیادت جو ملک کو عالمی مالیاتی اداروں اور امریکا کی غلامی کے چنگل سے نکال سکے اسلام صرف عبادات کا مذہب نہیں ہے یہ ایک تہذیب ، کلچر اور معاشرے کی خوبصورتی کا نام ہے جماعت اسلامی پارٹی نہیں بلکہ خاندان ہے جوعوام کے ہر غم و خوشی میں شریک ہوتی ہے۔