آرمی چیف اور وزیر اعظم کا علامہ خادم حسین رضوی کی وفات پر اظہار افسوس

1057

اسلام آباد: تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر وزیراعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے افسوس کا اظہار کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر جاری بیان میں وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ میں مولانا خادم حسین رضوی کی رحلت پر میں ان کے اہلِ خانہ سے تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ انا للہ وانا الیہ راجعون۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے بھی تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کیا ہے۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے علامہ خادم حسین رضوی کی وفات پر اظہار افسوس کیا گیا ہے اور  دعائیہ کلمات استعمال کرتے ہوئے آرمی چیف کا کہنا تھا کہ اللہ مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں جگہ عطاء فرمائے، آمین۔

دوسری جانب تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر سیاسی, عسکری اور مذہبی جماعتوں کے رہنماؤں کی جانب سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا۔

وفاقی وزیر مذہبی امور نورالحق قادری نے علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ایک سچے عاشق رسول سے محروم ہوگیا ہے جبکہ  امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے علامہ خادم حسین رضوی کے انتقال پر اہل خانہ سے اظہار تعزیت کیا اور مرحوم کے بلند درجات کی دعا کی۔

امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کا کہنا تھا کہ خادم حسین رضوی کی اچانک وفات سے دلی صدمہ پہنچا ہے، اہل خانہ اور تحریک لبیک کے کارکنان اور ذمہ داران کے غم میں برابر کے شریک ہیں ،اظہار تعزیت کرتے ہیں اور اللہ تعالیٰ کے حضور ان کی مغفرت کیلئےدعا گو ہیں۔

وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی اور علامہ طاہر اشرفی نے بھی سربراہ تحریک لبیک کے انتقال پر گہرے رنج کا اظہار کیا ہے  جبکہ  گورنر پنجاب اور چوہدری برادران کہتے ہیں مرحوم کی دین اسلام کیلئے خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائےگا۔

 وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدر نے بھی تحریک لبیک پاکستان کے سربراہ علامہ خادم رضوی کی وفات پر گہرے رنج وغم کا اظہار کرتے ہوئے اپنے بیان میں کہاہے کہ میں ان کے اہلخانہ اور تحریک لبیک کے کارکنان سے دلی تعزیت کرتا ہوں، خادم حسین رضوی کی وفات کا سن کر مجھے دکھ ہوا، اللہ رب العزت انہیں جنت میں اعلیٰ مقام عطا فرمائے۔

واضح رہے تحریک لبیک پاکستان (ٹی ایل پی )کے سربراہ علامہ خادم حسین رضوی مرحوم کی نماز جنازہ کل، ہفتے کی صبح 11 بجے مینار پاکستان گراؤنڈ میں ادا کی جائے گی۔