کوئٹہ (نمائندہ جسارت) کوئٹہ میں گیس لیکیج کے باعث میاں بیوی جاں بحق ہوگئے۔ واقعہ ہزار گنجی کے علاقے بڑیچ ٹائون میں پیش آیا جہاں جہانگیر ولد اللہ داد اور اس کی اہلیہ بی بی حاجرہ رات کو ہیٹر جلتا چھوڑ کر سوگئے، کمرے میں آکسیجن کم ہونے کے باعث سوئی گیس بھر گئی اور دونوں میاں بیوں دم گھٹنے سے جاں بحق ہوگئے۔ صبح اطلاع ملتے ہی پولیس اور ریسکیو کی ٹیمیں موقع پر پہنچیں، لاشوں کو بی ایم سی اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد انہیں ورثاء کے حوالے کردیا گیا۔ واقعے کے حوالے سے مزید تحقیقات تھانہ نیو سریاب کا عملہ کررہا ہے۔ بلوچستان کے ضلع کوہلو میں گیس سلنڈر دھماکے کا ایک اور بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا، واقعے میں ہلاکتوں کی تعداد بارہ ہوگئی۔ کوہلو لیویز کے مطابق 8 نومبر کو کوہلو کے علاقے بوہڑی میں شادی کی تقریب میں گیس سلنڈر پھٹنے سے قریب میں موجود بچوں سمیت 33 افراد جھلس کر شدید زخمی ہوگئے تھے، جنہیں تشویشناک حالت میں ملتان منتقل کردیا گیا تھا۔ ملتان برن سینٹر میں ایک اور بچہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے چل بسا ہے۔ واقعے میں اب تک بارہ بچے جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ مزید چھے بچوں کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ یاد رہے بلوچستان حکومت نے واقعے میں جاں بحق بچوں کے لواحقین کے لیے چار لاکھ، شدید زخمیوں کے لیے ڈھائی لاکھ اور معمولی زخمیوں کے لیے پچاس ہزار روپے امداد کا اعلان کیا ہے۔