دادو(نمائندہ جسارت)دادو کی یتیم خاتون فرزانہ جمالی کی 27 ایکڑر زرعی زمین اور کمرشل پلاٹ پر قبضے کا معاملہ عدالت کے حکم پرریونیو افسران جی ایم کالونی کے معائنے اور عدالت کو رپورٹ پیش کرنے کیلیے تحصیلدار دادو عبدالحمید کھوکھر، سیٹلمنٹ سروے حیدرآباد ٹیم انچارج محمد سومر، سروے تپیدار اعزاز علی شاہ، جی ایم کالونی پہنچے تو بااثر افراد کے مسلح افراد نے بڑی تعداد میں جمع ہوکر ٹیم کو کام کرنے سے روک دیا اور نعرے بازی کرکے ہنگامہ آرائی کی ،ہنگامہ آرائی کے بعد ٹیم نے دادو کے سینئر سول جج پردیپ کمار کی عدالت میں پہنچ کر صورتحال سے آگاہ کیا جس پر عدالت کے جج نے معاملہ کا نوٹس لیتے ہوئے تحصیلدار دادو کو حکم جاری کرتے ہوئے کہاکہ عدالتی حکم پر ہر صورت میں عملدرآمد کرایا جائے اور کہاکہ سرکاری کام میں مداخلت کرنے والے ہر شخص کے خلاف تھانے پر مقدمہ درج کیا جائے فوری طور پر عدالتی حکم پر عملدرآمد کرایا جائے جس کے بعد تحصیلدار دادو اور ریونیو عملدار دوبارہ جی ایم کالونی پہنچ گئے اور پلاٹ اور زمین کی ناپ کی گئی جبکہ آخری اطلاعات تک کوئی سرکاری کام میں مداخلت کرنے والے افراد کے خلاف کیس داخل نہ ہوسکا۔دوسری جانب پلاٹ خریدنے والے متاثرہ افراد نے قبضہ کی زمین فراڈ کرکے فروخت کرنے والے گروہ غلام محمد جمالی، افتخار جمالی اور آفتاب جمالی کے خلاف سخت احتجاج کرتے ہوئے کہاکہ اس فراڈی ٹولے کے خلاف کارروائی کی جائے اور ان کی ملکیت ضبط کرکے متاثرین کو رقم یا پلاٹ فراہم کیے جائیں۔ادھر یتیم خاتون فرزانہ جمالی نے کہاکہ 13 سال سے دربدر ہوں بااثر ملزم غلام محمد جمالی، افتخار جمالی اور آفتاب جمالی حق مانگنے پر جان لیوا دھمکیاں دے رہے ہیں جن سے جان و مال کا خطرہ ہے، فرزانہ جمالی نے چیف جسٹس سپریم کورٹ،جیف جسٹس ہائی کورٹ کراچی، وزیر اعظم پاکستان، وزیر اعلیٰ سندھ سے اپیل کی کہ زمینوں اور پلاٹ سے قبضہ ختم کرا کے مجھے میرا حق اور تحفظ فراہم کیا جائے۔