نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس تمام ملزمان آئندہ سماعت پر طلب

140

اسلام آباد(آن لائن)احتساب عدالت کے جج اصغر علی نے سابق وفاقی وزیر احسن اقبال و دیگرکے خلاف نارووال اسپورٹس سٹی ریفرنس میں 30نومبر کو سماعت پر تمام ملزمان کو طلب کرلیا۔ سماعت کے دوران احسن
اقبال پیش ہوئے۔ نیب نے ایک روز قبل ہی احسن اقبال سمیت 5 افراد کے خلاف مذکورہ ریفرنس دائر کیاتھا ، احسن اقبال اس سے پہلے احتساب عدالت نمبر ایک میں پیش ہو رہے تھے۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ حکومت اور نیب نے ڈھائی سال بعد ریفرنس دائر کردیا،حکومت سمجھتی ہے ایسی انتقامی کارروائیوں سے عوام کی توجہ ہٹ جائے گی لیکن دنیا ہنسے گی کہ نوجوانوں کے لیے بین الاقوامی معیار کی سہولت فراہم کرناجرم ہے مجھ پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں صرف اختیارات کا الزام لگایا گیا۔انہوں نے کہا کہ 2018میں ہر ملک کا سفیر آکر پوچھتاتھا کہ ہم کہاں سرمایہ کاری کریں لیکن آج دنیا میں بھکاری بنا دیا گیا ہر سیکٹر تباہ ہوگیا پائلٹس لائسنس مشکوک، پروازیں تک بند ہوگئیں ، کسانوں کو بیج نہیں مل رہا، 2 سال میں ہر شعبے کو تباہ کردیا یہ بھی مسلم لیگ ن کا قصور ہے یا آپ کی نالائقی ہے اب یہ ملک ان کا متحمل نہیں ہوسکتا پی ڈی ایم اس نالائق حکومت کو اب گھر بھیجے گی۔