اثاثہ جات کیس: خورشید شاہ پر فردم جرم عاید نہ ہوسکی

117

سکھر (اے پی پی) آمدن سے زائد اثاثہ جات کیس میں پیپلز پارٹی کے مرکزی رہنما سید خورشید شاہ پر فرد جرم عاید نہ ہوسکی۔ پی پی رہنما کا کہنا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے خود 4 جلسے کیے اور اپنا کوٹا پورا کرلیا، میرے کیس کا اوپن ٹرائل کیا جائے جس میں میڈیا موجود ہو۔ تفصیلات کے مطابق گزشتہ روز سماعت پر خورشید شاہ کو این آئی سی وی ڈی سے ایمبولینس میں
احتساب عدالت سکھر میں پیش کیا گیا، صوبائی وزیر اویس قادر شاہ اور ایم پی اے فرخ شاہ پیش نہ ہوسکے، احتساب عدالت نے سماعت 30 نومبر تک ملتوی کردی۔ پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خورشید شاہ نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے خود 4 جلسے کیے اور اپنا کوٹا پورا کرلیا۔ میں چاہتا ہوں کہ میرے کیس کا اوپن ٹرائل کیا جائے، جس میں میڈیا موجود ہو۔ انہوں نے کہا کہ دنیا کو پتا چلنا چاہیے کہ میں نے کیا جرم کیا ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ نیب کے قانون کو دیکھنا چاہیے کہ یہ انتقامی قانون ہے یا اصلاحی، مجھے 14 ماہ سے زائد سے قید میں رکھا ہوا ہے، میرے کیس کے ٹرائل میں تاخیر کیوں ہو رہی ہے؟ انہوں نے مزید کہا کہ احتساب صرف اپوزیشن کا ہو رہا ہے، حکومتی لوگوں کا احتساب نہیں ہو رہا۔ جہانگیر ترین کے خلاف بھی اس وقت تک کارروائی نہیں ہونی چاہیے جب تک کوئی ثبوت نہ ہو۔خورشید شاہ، ان کی 2 بیگمات، 2 بیٹے اور داماد صوبائی وزیر اویس شاہ سمیت 18 افراد پر ایک ارب 23 کروڑ روپے سے زاید کے اثاثے بنانے کا ریفرنس دائر ہے۔