سندھ ہائیکورٹ کا بلاول زرداری کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنیکا حکم

81

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ ہائیکورٹ نے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ عدالت نے محکمہ داخلہ سندھ، سیکرٹری وزارت داخلہ کو انتظامات کرنے کی ہدایت کر دی۔سندھ ہائیکورٹ نے بلاول کو عوامی مقامات پر مکمل سیکورٹی فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے ذاتی سیکورٹی گارڈ اور کالے شیشے والی گاڑی استعمال کرنے کی بھی اجازت دے دی۔ سندھ ہائیکورٹ نے ریمارکس دئے کہ رپورٹس سے لگتا ہے بلاول زرداری کی جان کو خطرات لاحق ہیں، ایسی صورتحال میں مزید تاخیر برداشت نہیں کی جاسکتی، ہماری نظر میں بلاول کو مکمل سیکورٹی فراہم کرنا بہت ضروری ہے۔ عدالت نے بلاول زرداری کی درخواست نمٹا دی۔یاد رہے بلاول زرداری نے 2016ء میں سیکورٹی فراہم کرنے کے لیے سندھ ہائیکورٹ میں درخواست دائر کی تھی۔ وکیل اختر حسین نے مؤقف اپنایا کہ بلاول اور ان کی رہائش گاہ پر سنگین نوعیت کے سیکورٹی خدشات ہیں، سیاسی رہنماؤں کو سیکورٹی فراہمی سے متعلق وفاقی حکومت 7 سال بعد بھی پالیسی پیش نہیں کرسکی۔