سکھر ( نمائندہ جسارت)سکھرمیں محکمہ آبپاشی اراضی سے قبضے ختم کرانے کیلیے آپریشن جاری، دکانیں اور گھر مسمار،علاقہ مکینوں کی جانب سے احتجاج ونعرے بازی ،پولیس نے متعدد مظاہرین کو گرفتار کرلیا،انتظامیہ کا قبضے مکمل ختم کرانے تک آپریشن جاری رکھنے کا اعلان۔سندھ ہائی کورٹ کے احکامات پر سکھرمیں محکمہ آبپاشی کی اراضی پرقائم قبضے ختم کرانے کیلیے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے شروع کیا گیا آپریشن آج دوسرے روز بھی جاری رہا پولیس کی مدد اور بھاری مشینری کے ساتھ ضلعی انتظامیہ نے بیراج کالونی اور ورکشاپ روڈ پر کارروائی کرتے ہوئے وہاں پر قائم کئی دکانیں اور گھر مسمار کرتے ہوئے ملبے کے ڈھیر میں تبدیل کردیے اپنے آشیانوں کو گرتا دیکھ کر علاقہ مکین مشتعل ہوگئے اور انہوں نے انتظامیہ کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے نعرے بازی کی۔ پولیس نے ہنگامہ آرائی کرنے پر کارروائی کرتے ہوئے متعدد مظاہرین کو گرفتارکرلیا ۔اس موقع پرڈپٹی کمشنر رانا عدیل نے قبضے ہٹانے کیلیے جاری آپریشن کی نگرانی کی اور اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہاکہ عدالتی حکم پر آپریشن کیاجارہاہے کسی کے ساتھ کوئی رعایت نہیں کی جارہی ہے تاہم ابھی آپریشن مکمل نہیں ہوااس لیے رعایت کی باتیں آپریشن مکمل ہونے سے قبل ازوقت ہے انتظامیہ کی جانب سے جتنے قابضین ہیں ان کے گھروں اور دکانوں پرنشانات لگائے گئے ہیں سب کیخلاف کارروائی کی جائے گی ۔ ان کاکہناتھاکہ متاثرین کو متبادل جگہ کی فراہمی کا فیصلہ نہیں ہواہے ان کاکہناتھا کہ قبضے ختم ہونے تک آپریشن جاری رہے گا۔