سکھر، میونسپل کمیٹی روہڑی میں افسران کی ملازمین کیساتھ زیادتیاں

516

سکھر (نمائندہ جسارت) اسٹاف ورکرز یونین میونسپل کمیٹی روہڑی کے جنرل سیکرٹری شفیق احمد شیخ، پریس سیکرٹری شوکت حسین، جوائنٹ سیکرٹری مومن علی شیخ نے مشترکہ پریس بیان میں کہا ہے کہ میونسپل کمیٹی روہڑی میں افسران کی ملازمین کیساتھ زیادتیاں بڑھتی جارہی ہیں، کام کرنے والے ملازمین کی بلا جواز تنخواہیں بند یا کئی کئی دن کی دہاڑیاں کاٹ کر پریشان کیا جاتا ہے، چار ماہ سے صوبائی حکومت کی جانب سے بجٹ میں بڑھائی گئی، تنخواہ اور چھے ماہ کی سالانہ انکریمنٹ نہیں دی جارہی۔ ڈیفرنس بھی نہیں دیا جارہا، ریٹائرڈ ہونے والے ملازمین کو اقساط میں ادائیگیاں کی جارہی ہیں۔ کنٹریکٹ ڈیلی ویجز ملازمین کو حکومت کی جانب سے اعلان کردہ سترہ ہزار روپے کے بجائے صرف دس ہزار روپے تنخواہ دی جارہی ہے، جو ملازمین کے ساتھ زیادتی ہے۔ رہنمائوں نے صوبائی وزیر سیکرٹری بلدیہ ڈائریکٹر لوکل گورنمنٹ کمشنر ڈپٹی کمشنر اسسٹنٹ کمشنر روہڑی سے مطالبہ کیا کہ ملازمین کے ساتھ ہونے والی زیادتیوں کا نوٹس لے کر ملازمین کے مسائل حل کروائیں اور صوبے بھر کے بلدیاتی ملازمین کی تنخواہیں ٹریژری کے ذریعے اکائونٹ میں بھیجی جائیں۔ رہنمائوں نے متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے جائز مطالبات اور مسائل حل نہ ہوئے تو کام چھوڑ ہڑتال کر کے احتجاجی تحریک چلانے پر مجبور ہوجائیں گے، جس کی ذمے داری میونسپل افسران پر عائد ہوگی۔