ٹھٹھہ(نمائندہ جسارت) لیبرفرنٹ کراچی واٹر سیوریج بورڈ کے ملازمین نے مسائل کے حل کیلیے مکلی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ اور ہنگامی پریس کانفرنس کرکے متعلقہ اداروں کو خبردار کیا ہے کہ اگر ملازمین کے مسائل حل نہیں ہوئے تو احتجاج کا دائرہ وسیع کیا جائے گا اور بھرپور تحریک چلائی جائے گی ۔اس ضمن میں لیبر فرنٹ کراچی واٹر سیوریج بورڈ کے رہنما ئوں عبدالقیوم خان، عبدالرحمن، حیددجوکیو، یعقوب پلیجواور عبدالشکور و دیگر نے مکلی پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا اور پریس کانفرنس کرکے کہا کہ محنت کشوں کے حقوق پر جس طرح ڈاکہ ڈالا جارہاہے محنت کشوں کے سوپ ڈسٹربستر،ٹھنڈی وردی اوور ٹائم پر بھی غیر اعلانیہ پابندی لگائی گئی ہے۔ ادارے میں فنانس ڈپارٹمنٹ کی صورتحال انتہائی خراب ہے، 40 کروڑ روپے کی کرپشن کی گئی ہے۔ اس وقت بھی 40 ہزار کی اسامیاں خالی پڑیں ہیں لیکن حکومت سندھ نے سن کوٹے پر پابندی لگا رکھی ہے۔ انہوں نے مزید کہا ہے کہ ملازمین کے میڈیکل کے مسائل حل نہیں ہوتے ہیں صرف اپنوں کو نوازا جارہا ہے، 700 محنت کش کو برطرف کیا گیا تھا لیکن پی پی پی کی حکومت نے ان کو تاحال بحال نہیں کیا ہے دوسالوں سے حب ڈیم میں پانی موجود ہے لیکن کراچی میں پانی کی مصنوعی قلت پیدا کی گئی ہے۔ ملازمین کی پروموشن کو غیرقانونی طور پر کینسل کردیا گیا ہے۔ ادارے کے اعلیٰ افسران نے ایکسن ایس ای کو اپنا فرنٹ مین مقررکیا ہوا ہے جو کہ جائز کنکشن پر لاکھوں روپے کی رشوت بٹوررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ایڈہاک ورکرزکو فوری طور پر بحال کیا جائے اور فنانس ڈپارٹمنٹ سے کرپشن کا خاتمہ کیا جائے جبکہ افسران کی جانب سے پاکٹ یونین بنانے کی کوشش کو ناکام بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ہم ادارے اور خوشحالی کے لیے بھرپور کردا کریں گے اگر ملازمین کے مسائل حل نہیں ہوئے تو اعلیٰ حکام کے خلاف تحریک چلائی جائے گی۔ ملازمین ہاتھوں میں یونین کے پرچم اٹھاکراپنے مسائل کے حل کیلیے سخت نعرے بازی بھی کرتے رہے۔