کراچی (اسٹاف رپورٹر)امیرجماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق کی والدہ کی وفات پر صوبائی دفتر قبا آڈیٹوریم میں ایک تعزیتی اجتماع منعقد ہوا جس میں مرکزی نائب امرا اسداللہ بھٹو، ڈاکٹر معراج الہدیٰ صدیقی، سندھ کے امیر محمد حسین محنتی ، ناظم عمومی محمد دین منصوری،اور الخدمت فائونڈیشن سندھ کے صدر ڈاکٹر تبسم سمیت صوبائی دفتر کے کارکنان وذمے داران نے شرکت کی۔ محمد حسین محنتی نے تعزیتی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امیر جماعت کی والدہ کی وفات پر ان سمیت تمام کارکنان دکھی ہیں، وہ عظیم ماں تھیں جنہوں نے بیٹے کی بہترین تربیت کرکے سراج الحق کی صورت میں تحریک کو ایک عظیم انسان دیا جس نے دنیا کی چمک دمک کے بجائے اپنا اوڑھنا بچھونا رب کی رضا، سادگی اور اقامت دین کی جدوجہد کو بنایا، والدہ کی وفات سے چند گھنٹے قبل بھی سراج الحق کہوٹہ میں دعوتی وتنظیمی اجتماع سے خطاب کررہے تھے ایسی مائیں عظیم ہوتی ہیں جو اپنے بچوں کی صحیح تربیت کرکے ملک وملت کی فلاح وبہبود کے لیے وقف کرتی ہیں۔آخر میں مرکزی نائب امیر اسداللہ بھٹو نے مرحومہ کی مغفرت ،درجات کی بلندی اور پسماندگان کے لیے صبر جمیل کی دعا کرائی۔