دادو (نمائندہ جسارت) دادو کے استاد بخاری گورنمنٹ ڈگری دادو میں جشن میلاد النبیﷺ کی محفل کا اہتمام کیا گیا، جس میں اساتذہ اور طلبہ نے بھرپور شرکت کی۔ محفل میلاد کی تقریب میں حمد باری تعالیٰ کی سعادت سید محمد عاصم کو نصیب ہوئی جبکہ نعت و صلواۃ پڑھنے کی سعادت ضمیر احمد چانڈیو کو نصیب ہوئی۔ اس موقع پر دیگر شرکاء نے بھی شان رسولﷺ پر فضیلتیں بیان کیں۔
حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈویژنل کمشنر حیدر آباد محمد عباس بلوچ کی چیئرمین شپ میں پبلک اسکول حیدر آباد کے 152ویں بورڈ آف گورننس کا اجلاس پبلک اسکول حیدر آباد میں ہوا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے ڈویژنل کمشنر حیدر آباد کا کہنا تھا کہ دو سال قبل ادارے کی حالت خراب تھی، اساتذہ و ملازمین کو کئی کئی ماہ کی تنخواہیں نہیں مل پاتی تھیں، جس کی بنیادی وجہ تعلیم کا گرتا معیار تھا، جس کے باعث اسکول سے بچوں کی تعداد بھی مسلسل کم ہوتی جارہی تھی لیکن اللہ کا شکر ہے کہ ان دو برسوں کے دوران اسکول میں کافی بہتری آئی ہے۔ دو سال سے اساتذہ و ملازمین کو ہر ماہ مسلسل تنخواہیں دی جارہی ہیں بلکہ تنخواہوں میں اضافہ بھی کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ معیار تعلیم کو بہتر بنانے کے ضمن میں ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں، جس کے باعث پبلک اسکول حیدر آباد کا انرولمنٹ بڑھا ہے۔ بڑے پرائیویٹ اسکولوں کے بچے بھی یہاں داخلہ لینے میں فخر محسوس کررہے ہیں۔ فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی کی لیبوں پر کثیر لاگت لگائی گئی ہے جبکہ کمپیوٹر لیب کو بھی آئی نائن کے 130جدید کمپیوٹر سے آراستہ کیا جارہا ہے۔ اس موقع پر بورڈ آف گورننس کے اجلاس میں مالی سال 20-21ء کا تخمینہ بجٹ پیش کیا گیا، جسے بورڈ کی منظوری سے منظور کرلیا گیا۔ اس موقع پر یہ بھی فیصلہ کیا گیا کہ موجودہ بجٹ کے خسارے کو کم کرنے کے لیے 5 فیصد انرولمنٹ بڑھائی جائے گی جبکہ ہر سال فیسوں میں 10 فیصد تک کا اضافہ بھی تجویز کیا گیا۔ ڈویژنل کمشنر حیدر آباد نے بورڈ آف گورننس میں اپنی رائے رکھی کہ پبلک اسکول میں کھیلوں کے گراؤنڈ ہیں اگر باہر سے کوئی آکر یہاں کھیلوں کے مقابلے منعقد کرائے تو اس ضمن میں فیس مقرر کی جائے اور کن کن لوگوں کو یہ سہولیات دی جاسکتی ہے۔ یہ بھی ایک کمیٹی بنا کر فیصلہ کیا جائے۔ اس موقع پر ڈویژنل کمشنر حیدر آباد نے دو سب کمیٹیاں ایچ آر کمیٹی، فنانشل اینڈ پلاننگ کمیٹی تشکیل دیں جوکہ ملازمین کے مسائل، تنخواہوں میں اضافے سمیت دیگر معاملات پر اپنی تجاویز پیش کریں گی۔