حیدرآباد (اسٹاف رپورٹر)سیکرٹری اطلاعات پاکستان پیپلز پارٹی سینیٹر مولابخش چانڈیو نے اپنے بیان میں کہاہے کہ عمران خان نے پہلے اداروں کو متنازع بنایا اب جمہوری عمل کو متنازع بنا دیا ہے دھاندلی کی پیداوار عمران خان نے گلگت بلتستان میں دھاندلی کی تمام حدیں پار کر دیں،کوئی بھی سیاسی جماعت گلگت بلتستان کے دھاندلی زدہ نتائج کو نہیں مانتی، عمران خان نے مشرف کے دھاندلی زدہ انتخابات کے ذریعے آنا چاہا اور پھر 2018ء میں آئے۔ چیئرمن بلاول
زرداری نے عمران خان کو سلیکٹڈ کہا اب پوری دنیا کہہ رہی ہے، اب تو ہوائیں، فضائیں، درخت، پتہ پتہ بوٹا بوٹا وزیراعظم کو سلیکٹڈ کہہ رہا ہے، ان کو پتا تھا کہ گلگت بلتستان سے شفاف انتخابات میں ان کا صفایا ہو جائے پی ٹی آئی دھاندلی اور سہاروں کے بغیر انتخاب جیتنا تو دور لڑ ہی نہیں سکتی۔گلگت بلتستان میں دھاندلی اس حکومت کو مہنگی پڑے گی۔ چیئرمن بلاول زرداری نے الیکشن کمیشن کو خبردار کیا ہے ورنہ پھر سب راستے اسلام آباد جائیں گے۔ اب بھی موقع ہے الیکشن کمیشن اپنا اعتماد بحال کرنے کیلیے شفافیت کی طرف آئے ملک بھر میں جیالے اور عوام منتظر ہیں چیئرمن کی کال پر سب اسلام آباد کی طرف چل پڑیں گے۔