چینی اسکینڈل: جہانگیر ترین‘ علی ترین ‘حمزہ شہبازاور سلیمان شہباز کیخلاف مقدمہ

304

لاہور( آن لائن+ اے پی پی)ایف آئی اے نے چینی اور منی لانڈرنگ کیس میں جہانگیر ترین، علی ترین، حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ایف آئی اے نے چینی اور منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات کے دوران رہنما پی ٹی آئی جہانگیر ترین اور ان کے بیٹے علی ترین،رہنما مسلم لیگ (ن) حمزہ شہباز اور سلیمان شہباز کے خلاف مقدمہ درج کرلیاہے۔ رپورٹ کے مطابق مقدمے میں امانت میں خیانت ،دھوکا دہی اور فراڈ سمیت منی لانڈرنگ کی دفعات لگائی گئی ہیں۔رپورٹ کے مطابق جہانگیرترین، علی ترین ،حمزہ شہباز اور سلمان شہباز کیخلاف الگ الگ مقدمات درج کیے گئے ہیں،شہباز شریف فیملی کیخلاف 25 ارب اور جہانگیر ترین کیخلاف 4ارب 35کروڑ کی منی لانڈرنگ کا مقدمہ درج کیا گیا ہے ۔ایف آئی اے کے مطابق چاروں ملزمان کے خلاف ایف آئی اے میں چینی اسکینڈل سمیت منی لانڈرنگ کی تحقیقات چل رہی تھیں جب کہ علی ترین، جہانگیر ترین، حمزہ شہباز، سلیمان شہباز کے خلاف الگ الگ مقدمہ درج کیا گیا ہے۔علاوہ ازیں لاہورکی انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں (آج) پیر کو مسلم لیگی ارکان اسمبلی شائستہ پرویز، چودھری شہباز ، ملک ریاض ، سمیع اللہ خان اور آغا علی حیدر کی عبوری ضمانت کی درخواستوں پر سماعت ہوگی ۔لیگی رہنمائوں کے خلاف تھانہ چوہنگ لاہور میں نیب دفتر کے باہر ہنگامہ آرائی اور تھوڑ پھوڑ کے الزام میں مقدمہ درج ہے جس میں عدالت نے آج تک کے لیے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی ہے۔ عدالت نے پولیس سے تفتیشی رپورٹ و مقدمہ کا ریکارڈ طلب کیا ہے۔ دوسری جانب انسداد دہشت گردی کی خصوصی عدالت میں سابق اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق ،رکن پنجاب اسمبلی خواجہ سلمان رفیق،لیگی رہنما ملک وحید اور رانا احسان کی عبوری ضمانت درخواستوں پر بھی سماعت آج کی جائے گی۔لیگی رہنمائوں کے خلاف 2018 ء میں سابق وزیر اعظم نواز شریف کے استقبال کے لیے ریلی نکالتے ہوئے ہنگامہ آرائی کرنے پر لاہور کے تھانہ شمالی چھاونی میں مقدمہ درج کیا گیا تھا جس میں عدالت نے گزشتہ سماعت پر لیگی رہنمائوں کی آج تک کیلیے ضمانت قبل از گرفتاری منظور کی ہے۔