ملتان سلطان کو لاہور قلندر کے ہاتھوں شکست‘ کل کراچی کنگز سے فائنل ہوگا

170

کراچی( خصوصی رپورٹ: وزیرعلی قادری) لاہور قلندرز ملتان سلطان کو شکست دیکر پہلی بار پی ایس ایل میں فائنل تک رسائی حاصل کرلی‘ کل منگل کو کراچی کنگز سے مقابلہ ہوگا۔ ملتان سلطان کی پوری ٹیم 183رنز کے تعاقب میں 157رنز پر ڈھیر ہوگئی۔ تفصیلات کے مطابق پاکستان سپرلیگ کے 5 ویں ایڈیشن کے دوسرے ایلیمنیٹر میں لاہور قلندرز نے ملتان سلطانز کو شکست دیکر پہلی بار لیگ کے فائنل میں جگہ بنالی۔کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلے گئے میچ میں ملتان سلطانز نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا۔لاہور قلندر کے ڈیوڈ ویزے نے جارحانہ کھیل پیش کیا وہ 48 رنزکے ساتھ قابل شکست رہے، قبل ازیں تمیم اقبال اور فخرزمان نے ٹیم کو مستحکم آغاز فراہم کیا تاہم 46 کے مجموعی اسکور پر تمیم آؤٹ ہوئے۔ فخرزمان 46 اور تمیم اقبال 30 رنز کے ساتھ نمایاں رہے ۔فخر زمان اورڈیوڈ ویزے کی شاندار بیٹنگ کی بدولت لاہور قلندرز نے مقرہ 20 اوورز میں 6 وکٹوں پر 182 رنز بنائے تھے ۔ ملتان سلطانز کے شاہد آفریدی نے چار اوورز میں 18 رنز دے کر 2 وکٹیں حاصل کیںجبکہ ایڈم لتھ، سہیل تنویر، محمد الیاس اور جنید خان نے ایک ایک وکٹ لی۔دوسری جانب لاہور قلندر کے 183 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ملتان سلطانز نے جارحانہ آغاز کیااور پہلی وکٹ کی شراکت میں 47 رنز بنے‘ذیشان اشرف 12 رنز بناکر پویلین لوٹے۔ایڈم لیتھ اور شان مسعود نے قلندرز کی بیٹنگ کے سامنے مزاحمت کی تاہم ایڈم 50 اور شان مسعود 27 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔روی بوپارا بھی ایک رنز بناسکیجبکہ روسو 18 رنز پرحارث رؤف کی گیند پر کیچ دے بیٹھے ۔شاہد خان آفریدی بھی پہلی گیند پر بولڈ ہوگئے۔ واضح رہے کہ لاہور قلندر نے پہلی بار فائنل تک رسائی حاصل کی ہے اب منگل کو لاہور قلندر اور کراچی کنگز کے مابین کانٹے کے مقابلے کی توقع ہے۔