گلگت: پی ٹی آئی اور لیگی رہنمائوں کے درمیان لفظی گولہ باری

377

اسلام آباد: معاون خصوصی وزیراعلی پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ عوام آج ووٹ کی پرچی کے ذریعے نئے گلگت بلتستان کی بنیاد رکھنے جارہے ہیں جبکہ عظمی بخاری کا کہنا ہے کہ خدارا ایسا نیا گلگت بلتستان نہ ہمیں چاہیے نہ گلگت کی باشعور عوام کو چاہیے۔

خبر رساں اداروں کے مطابق فردوس عاشق اعوان نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر  اپنے پیغام میں کہا ہے کہ احساس محرومی کا خاتمہ اور اختیارات کی نچلی سطح پر حکومت کی منتقلی اولین ترجیح ہے اور حقدار تک اس کا حق پہنچاناا ولین ترجیح ہو گی جبکہ  شفاف انتخابات گلگت بلتستان کی ترقی اور خوشحالی پر مہرثبت کریں گے۔

تفصیلات کے مطابق گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات آج ہو رہے ہیں جن میں عوام بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیتے دکھائی دے رہے ہیں اور الیکشن کمیشن نے 1 ہزار 160پولنگ اسٹیشنز قائم کئے ہیں جہاں 7لاکھ 45ہزار 361ووٹرز حق رائے دہی استعمال کریں گے جن میں 4لاکھ 5 ہزار 350 مرد اور 3 لاکھ انتالیس ہزار نوسو بانوے خواتین شامل ہیں جبکہ 24 میں سے تئیس حلقوں میں ووٹنگ کا عمل کامیابی سے جاری ہے۔

دوسری جانب مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمی بخاری نے فردوس عاشق اعوان کے بیانات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا ہےکہ نئے پاکستان اور تبدیلی کے مزے قوم نے چکھ لیے ہیں، خدارا ایسا نیا گلگت بلتستان نہ ہمیں چاہیے نہ گلگت کی باشعور عوام کو چاہیے اور گلگت بلتستان میں صرف ہر طرف آج “شیر شیر اور شیر”ہی ہوگا جبکہ 3 چار ماہ قبل تو پی ٹی آئی کا گلگت میں نام و نشان بھی نہیں تھا اور الیکشن اعلان کے بعد ہمارے لوگ توڑے گئے اور ان کو پٹے ڈالے گئے اور الیکشن سے آخری دن تک ترقیاتی منصوبوں کے اعلانات ہوتے رہے۔

عظمی بخاری کا کہنا تھا کہ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں نے ڈھائی سالوں میں گلگت میں ایک گلی بھی نہیں بنائی جبکہ الزام تراشی، پروپیگنڈے اور جھوٹ کی سیاست آج گلگت میں دفن ہوجائے گی اور گلگت کے عوام باشعور ہیں ان کو بھی معلوم ہے عمران خان کے سب وعدے اور نعرے جھوٹ کا پلندہ ہیں۔

واضح رہے گلگت بلتستان کی قانون ساز اسمبلی کے انتخابات آج ہو رہے ہیں اور گلگت بلتستان کے 300 گیارہ پولنگ اسٹیشنز حساس اور 400 اٹھائیس انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں اور سکیورٹی کے سخت انتظامات کے تحت پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان اور مقامی پولیس کے 10 ہزار اہلکار ڈیوٹی پر تعینات ہیں جبکہ پیراملٹری فورسز بھی فرائض انجام دے رہی ہیں۔