لاہور،فیصل آباد (نمائندہ جسارت،خبر ایجنسیاں)پاکستان مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ گلگت بلتستان کے عوام انشا ء اللہ آج (اتوارکو) ووٹ چوروں کو تاریخی شکست دیں گے۔ گلگت بلتستان کے غیور عوام اللہ تعالی کے فضل سے آج (اتوار)کو شیر پر مہر لگا کر ترقی کے حق میں ووٹ دیں گے۔ پاکستان مسلم لیگ(ن) کے کارکن اور ووٹرز اپنے ووٹ کی حفاظت کریں کیونکہ ووٹ چور گلگت بلتستان میں دندناتے پھر رہے ہیں۔ہفتہ کے روز ٹوئٹر پر جاری اپنے بیان میں مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں گزشتہ روز جو بیلٹ چوری پکڑی گئی، اس پرووٹ چور کرائے کے ترجمان شور مچارہے ہیں ۔ مسلم لیگ(ن)کی عوامی حمایت میں لوگوں کا سمندربتاچکا ہے کہ ووٹ کی سپورٹ کس کی ہے۔ مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ پوری دنیا نے دیکھ لیا کہ گلگت بلتستان کے عوام مسلم لیگ(ن)اور شیر کے ساتھ ہیں ۔ گلگت بلتستان
کے عوام اور کارکن جہاں ووٹ چوری دیکھیں، اسے سوشل میڈیا پر اپ لوڈ کریں ۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ کرائے کے ترجمانوں کے بیانات ثبوت ہیں کہ وہ گلگت بلتستان میں ہار چکے ہیں۔ان کی بوکھلاہٹ، بیانات سے ثابت ہوگیا ہے کہ انشااللہ فتح شیر کی ہوگی۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کے صدر رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ (ن) کا ہر ونگ اپنے قائد کے بیانیہ کے ساتھ کھڑا ہے‘ میاں محمد نواز شریف کا بیانیہ ہے کہ ووٹ کو عزت دو‘ ووٹ کے فیصلے کو بدلہ نہ جائے اور ملک میں منصفانہ الیکشن ہوں، موجودہ حکومت کو سخت تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ڈھائی سال گزرنے کے بعد بھی موجودہ حکومت کوئی میگا پراجیکٹ نہیں دے سکی‘ یہ جعلی‘ کٹھ پتلی‘ جاہل اور نااہل مافیا نے ملک کو تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا ہے‘ عوام سے دو وقت کا نوالہ چھین لیا ہے‘ ہوشربا مہنگائی نے لوگوں کا جینا دوبھر کر دیا ہے‘ لوگ اس حکومت سے جان چھڑانا چاہتے ہیں اور وہ وقت دور نہیں جب ہم اس نااہل حکومت سے جان چھڑا لیں گے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسلم لیگ (ن) لائیرز فورم فیصل آباد ڈویژن کے نامزد عہدیداروں میں نوٹیفکیشن دینے کی تقریب کے شرکاء سے کیا‘