گلگت بلتستان میں پی پی امیدواروں کی فتح یقینی ہے، عبدالجبار خان

158

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے رکن صوبائی اسمبلی جام مدد علی کے انتقال پر دکھ کا اظہار کرتے ہوئے دعا کی ہے کہ اللہ تعالیٰ مرحوم کی مغفرت فرمائے اور ان کے درجات بلند کرے اور ان کے اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔ عبدالجبار خان نے مزید کہا کہ گلگت بلتستان میں پیپلز پارٹی کے امیدواروں کی فتح یقینی ہے، پہلی مرتبہ پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے گلگت بلتستان میں جاکر الیکشن مہم بھی چلائی اور وہاں جلسوں اور دیگر تقریبات کے ذریعے عوام سے براہ راست رابطہ کرکے انہیں نہ صرف پیپلز پارٹی کا منشور اور مشن سے آگاہی دی بلکہ پی ٹی آئی کی حکومت کی نااہلی اور ناکامیوں کے بارے میں بھی بتایا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی جوکہ عوامی جماعت ہے، یہ چاروں صوبوں کی زنجیر ہے اور اب گلگت بلتستان میں بھی پیپلز پارٹی ہی حکومت بناکر وہاں کے عوام کی پسماندگی دور کرنے کے ساتھ انہیں ملازمتوں اور بنیادی حقوق کی فراہمی کے لیے اپنا کردار ادا کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ جس طرح ملک کے دیگر شہروں کی طرح گلگت بلتستان کے عوام نے پیپلز پارٹی اور بلاول زرداری کا خیر مقدم کیا ہے وہ ان حکمرانوں کی آنکھیں کھول دینے کے لیے کافی ہے۔ حکومت کے دن گنے جاچکے ہیں، پرفریب نعروں اور وعدوں سے متاثر ہوکر جن لوگوں نے انہیں ووٹ دیے تھے آج وہ بھی اپنے فیصلوں پر پچھتا رہے ہیں کیونکہ اس حکومت نے نااہلی کے تمام ریکارڈ توڑ دیے ہیں۔