عمران خان پر برا وقت آیا تو چودھری برادران ساتھ دینگے ، شیخ رشید

311
لاہور:وزیر ریلوے شیخ رشید احمد پریس کانفرنس کررہے ہیں، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی بھی موجود ہیں

 

لاہور(مانیٹرنگ ڈیسک)وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ چودھری برادران بڑے دل والے ہیں، جب بھی عمران خان پر برا وقت آئے گا یہ انہیں ہی ووٹ دیں گے۔مسلم لیگ (ق) کے قائد چودھری پرویز الٰہی کے گھر پر ملاقات کے بعد ان کے ساتھ میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ق) کے ساتھ میرے تو کوئی تحفظات نہیں ہیں۔ایک صحافی کے سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ میں یہاں چودھری برادران کے لیے کسی کا کوئی پیغام نہیں لے کر آیا ہوں۔مسلم لیگ (ن) پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ (ن) کے لوگ پی ٹی آئی میں آنا نہیں چاہتے بلکہ وہ بس نواز شریف کے بیانیے کے ساتھ نہیں ہیں جب کہ پیپلز پارٹی، مسلم لیگ (ن) سے بہتر کھیلی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ پہلے میں فروری کہتا تھا اور اب جنوری کی پیش گوئی کرتا ہوں کہ مسلم لیگ (ن) کے رہنماؤں کی آواز اٹھنے والی ہے۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) بند گلی میں
داخل ہوچکی ہے، انہوں نے اپنا بیانیہ تبدیل نہ کیا تو بھاری نقصان اٹھانا پڑے گا۔شیخ رشید کا کہنا تھا کہ نواز شریف کہتے تھے کہ ہماری لڑائی عمران خان سے نہیں کسی اور سے ہے،اب کہتے ہیں کہ عمران خان کو ہٹاؤ۔ان کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے2 وجوہات پر اپنا بیانیہ بدلہ،ایک انہیں گلگت میں اپنی شکست نظر آگئی ہے اور دوسرا مسلم لیگ (ن) بی جے پی کی آواز نہیں ہوسکتی، ان کی پارٹی میں سے آوازیں اٹھ رہی ہیں۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ سینیٹ انتخابات کے بعد ملک میں استحکام آئے گا، مسلم لیگ(ن)پی ڈی ایم کی چھتری کے نیچے ڈائیلاگ کرنے جارہی ہے۔وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ گلگت بلتستان میں ہار دیکھ کر ان کے چہرے اترے ہوئے ہیں،انتخابات میں پی ٹی آئی پہلے نمبر پر ہوگی،دوسرے پر پیپلز پارٹی اور تیسرے پر آزاد اْمیدوار ہوں گے۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان مہنگائی ختم کرنے جارہے ہیں،آٹے ،چینی کی قیمت کم ہوگی اس پر کام ہورہا ہے۔

لاہور:وزیر ریلوے شیخ رشید احمد پریس کانفرنس کررہے ہیں، اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی بھی موجود ہیں