گلگت بلتستان الیکشن کمیشن فوری دھاندلی رکوائے‘(ن) لیگ

115

لاہور(نمائندہ جسارت)مسلم لیگ(ن) کی ترجمان مریم اورنگزیب نے گلگت بلتستان میں دھاندلی پر احتجاج کرتے ہوئے الیکشن کمیشن سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان کے انتخابات میں ایک ہزار سے زیادہ جعلی پوسٹل بیلٹ پیپرز جاری ہونا دھاندلی کا ایک اور ثبوت ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر گلگت بلتستان میں 15 نومبر کو
ووٹ چوری ہوا تو اْس کے نتائج بہت خطرناک ہوں گے۔انہوں نے کہا کہ حلقہ دیامر 2 سے ووٹ چوری کا ایک اور نتیجہ آگیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سرکاری ملازمین کی تعداد 700 ہے لیکن 1791 پوسٹل بیلٹ پیپرز جاری کر دیے گئے، یہ ہوتی ہے دھاندلی، یہ ہوتا ہے ووٹ چوری۔انہوں نے کہا کہ پانچوں امیدوارں کا مشترکہ طور پر الیکشن کمیشن جانا ثبوت ہے کہ کس طرح دھاندلی کی اندھیر نگری مچائی جاری ہے۔ انہوں نے کہا کہ جعلی حکومت کی جعلی پوسٹل کے ذریعے ووٹ چوری پکڑی گئی۔انہوں نے کہا کہ پاکستان کے مفادات کا تقاضا ہے کہ گلگت بلتستان میں دھاندلی نہ کی جائے۔انہوں نے کہا کہ جعلی حکمران قومی مفادات کو اپنی گندی سیاست کی بھینٹ نہ چڑھائیں۔انہوں نے کہا کہ گلگت بلتستان الیکشن کمیشن فوری دھاندلی رکوائے،ذمے داران کے خلاف کارروائی کی جائے۔