ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کیلیے سیکورٹی پلان ترتیب

403

کراچی(سید وزیر علی قادری) کراچی میں منعقدہ پی ایس ایل5 میں شرکت کے لیے پہنچنے والے ملکی اور غیرملکی کھلاڑیوں کے لیے کراچی پولیس نے سیکیورٹی پلان ترتیب دے دیا۔پولیس ترجمان کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم اور شہر کے ریڈ زون میں واقع ہوٹلوں اور ٹیموں کی آمدورفت کے روٹس پر پولیس کی بھاری نفری ٹیموں اور کھلاڑیوں کی سکیورٹی کے لیے موجود رہے گی۔اس سلسلے میں کراچی پولیس کے 24سینئر افسران سمیت 59ڈی ایس پیز، 474این جی اوز، 4275ہیڈ کانسٹیبلز، کانسٹیبلزاور پولیس کی ریپڈ ریسپونس فورس کے 345جوان متعین کیے گئے ہیں۔اسپیشل سکیورٹی یونٹ کے سربراہ ڈی آئی جی مقصود میمن کے مطابق ایس ایس یو 1018کمانڈوز سیکورٹی کے خصوصی انتظامات کے لیے تعینات کیے گئے ہیں۔ ترجمان کے مطابق نیشنل اسٹیڈیم کراچی اور ہوٹلوں پر اسپیشل برانچ کے سادہ لباس اہلکاروں کی بڑی تعداد بھی سکیورٹی کے فرائض سر انجام دے رہی ہے۔پولیس حکام کے مطابق ممکنہ غیرمعمولی صورتحال اور حالات و واقعات سے نمٹنے کے لیے ااسپیشل سکیورٹی یونٹ کی ایس ڈبلیو اے ٹی سواٹ ٹیمیں بھی ہمہ وقت فوری رسپانس کے لیے تیار رہیں گی۔ٹریفک پولیس نے پی ایس ایل5 میں شرکت کے لیے آنے والے ملکی اور غیر ملکی کھلاڑیوں کی نیشنل اسٹیڈیم کی طرف آمدورفت کے اوقات میں عوام کی سہولت کے لیے متبادل روٹس پلان پہلے ہی دیا جاچکا ہے۔ ترجمان کے مطابق کراچی کی روشنیوں کی بحالی کے لیے پولیس نے بڑی قربانیاں دی ہیں۔ انٹرنیشنل کھلاڑیوں کی آمد شہر میں امن و امان کے قیام کی دلیل ہے۔ کراچی پولیس عوام کے تحفظ اور قانون کی بالا دستی کے لیے ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔