کراچی‘پشاور‘اسلام آباد‘ لندن (اسٹاف رپورٹر) چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ کو سپرد خاک کر دیا گیا ، ان کی نماز جنازہ جمعہ کو کرنل شیر خان اسٹیڈیم میں ادا کی گئی جس میں وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا، صوبائی وزرا، کورکمانڈر پشاور، آئی جی خیبرپختونخوا، ترجمان صوبائی حکومت کامران بنگش، غلام بلور، میاں افتخار حسین نے شرکت کی۔ نمازہ جنازہ کے دوران سخت سیکورٹی کے انتظامات کیے گئے تھے اور پولیس کی بھاری نفری ارد گرد کے مقامات پر تعینات کی گئی تھی ۔ نماز جنازہ میں ہائیکورٹ کے ججز سمیت وکلاء اور ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ کورونا ایس او پیز کے تحت نمازہ جنازہ پڑھایا گیا اور شریک افراد کے درمیان 3 فٹ کے فاصلے کو یقینی بنایا گیا۔علاوہ ازیںصوبائی حکومت کے فیصلے کے مطابق پشاور ہائیکورٹ کے مرحوم چیف جسٹس جسٹس وقار احمد سیٹھ کی وفات پر رنج وغم کے اظہار کے طور پر جمعہ کو پورے صوبے میں سوگ منایا گیا اور تمام سرکاری عمارات پر قومی پرچم سرنگوں رہا۔ اعلامیے میں مرحوم کی درجات کی بلندی کے لیے دعا بھی کی گئی ہے۔دوسری جانب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی، سابق وزیر اعظم نواز شریف، مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید ،پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیر حسین بخاری نے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس وقار احمد سیٹھ کے انتقال پر تعزیت کا اظہار کیا۔ ان ر ہنمائوں نے جسٹس وقار احمد سیٹھ کی وفات پر گہرے رنج و غم کا اظہارکرتے ہوئے ان کے درجات کی بلندی کی دعا ۔ انہوں نے کہا کہ اللہ مرحوم کے درجات بلند اور اہل خانہ کو صبر جمیل عطا فرمائے۔