دادو میں صحافی کے گھر پر قاتلانہ حملہ، زخمی کرکے ملزمان فرار

354

دادو (نمائدہ جسارت) دادو میں صحافی کے گھر پر قاتلانہ حملہ، نواز لاکھو کو پستول کے بٹ مار کر شدید زخمی کرکے ملزم بھاگ گئے، پولیس نے کارروائی نہیں کی، صحافی کو جان سے مارنے کی دھمکیاں۔ دادو میں پریس کلب کے ممبر صحافی نواز لاکھو پر قاتلانہ حملہ کرکے صحافی کو زخمی کردیا گیا، جسے سول اسپتال دادو منتقل کردیا گیا، صحافی کے سر پر سات ٹانکے لگائے گئے، صحافی نواز لاکھو نے بتایا کہ شہر میں میری کپڑے کی دکان ہے، دکان بند کرکے گھر جارہا تھا، گھر کے دروازے پر پہنچا تو ملزم نواز سجاد لاکھو، عقیل لاکھو، شکیل لاکھو و دیگر دو نامعلوم ملزمان نے موٹر سائیکل ماری اور میں گر گیا، جس کے بعد حملہ آوروں نے سر پر پستول کے بٹ مارے موبائل فون پیسے چھین کر فرار ہوگئے۔ صحافی نواز لاکھو نے مزید بتایا کہ قبضہ مافیا اور منشیات فروش سمیت سماجی برائیوں میں شامل غنی گوپانگ، زاہد کھوسو، عقیل لاکھو، شکیل لاکھو، سجاد لاکھو کیخلاف مسلسل خبریں چلانے پر ملزمان نے جان سے مارنے کی دھمکیاں دیں، جس کے بعد قاتلانہ حملہ کیا۔ دادو پریس کے صدر صابر بھنڈ، نائب صدر غوث علی جھتیال، ولی چانڈیو، جنرل سیکرٹری طارق لغاری، صحافی رضوان منگی، نوید قریشی، ولی محمد لونڈ، اعجاز چانڈیو، لیاقت ملک، ایس ایم لغاری سمیت دادو پریس کلب کے صحافیوں نے آئی جی سندھ، ایس ایس پی دادو، کو نوٹس لینے کا مطالبہ کرتے کہا کہ کارروائی کرکے ملزمان کو گرفتار کیا جائے، ملزمان کو گرفتار ناکرنے کی صورت میں ضلع بھر میں احتجاجی مظاہرہ کیا جائے گا۔