کھڈرو (نمائندہ جسارت) تعلیمی بورڈ نوابشاہ کو فوری طور پر فعال کیا جائے۔ ان خیالات کا اظہار تعلیمی بورڈ حیدر آباد کے سابق رکن جان محمد ڈاہری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سندھ حکومت کی پالیسی کے مطابق ہر ڈویژن کو تعلیمی بورڈ دیا جائے۔ نوابشاہ میں بورڈ قائم ہوچکا ہے، لیکن ابھی کچھ کام باقی ہے۔ شہید بے نظیر آباد ڈویژن کے تین اضلاع نوشہرو فیروز اور سانگھڑ کے طالبعلموں کی مشکلات کو سامنے رکھتے ہوئے انہوں نے حکومت سندھ اور متعلقہ اداروں سے مطالبہ کیا ہے کہ بورڈ کی ضرورتوں اور تعمیرو ترقی کے کام کو فوری طور پر مکمل کیا جائے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ سانگھڑ کے لوگوں کا میرپور خاص کے ساتھ رہنے کا مطالبہ ٹھیک نہیں ہے، البتہ صرف کھپرو تعلقہ کے لیے گنجائش نکالی جاسکتی ہے۔ جب سواری اور ٹرانسپورٹ کی سہولت نہیں تھی تب بھی لوگ دور دراز کا سفر خوشی خوشی کرتے تھے، اب تو پھر بھی بہترین ٹرانسپورٹ کا نظام ہے۔ اس لیے سندھ حکومت کو شہید بے نظیر آباد تعلیمی بورڈ کی تکمیل کے لیے ترجیحی بنیادوں پر کوشش کرنی چاہیے۔