لاہور(نمائندہ جسارت) معاون خصوصی برائے اطلاعات پنجاب فردوس عاشق اعوان نے کہا ہے کہ وزیراعظم کے کہنے پر آرمی چیف نے بلاول کو فون کیا، فوج کا دائرہ اختیار سے تجاوز کرنے والوں کے لیے اپنا کوڈ آف کنڈکٹ ہے، فوج نے ثابت کیا کہ وہاں احتساب کا عمل موجود ہے، اب دیکھنا یہ ہے کہ پولیس کو شخصیات کا تابع ہونا چاہیے یا نہیں۔ انہوں نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ بلاول اور مریم نواز دونوں ایک بیانیے پر متفق نہیں، یہ منزل حاصل کرنے کے لیے اکٹھے کیسے چلیں گے؟ دونوں ایک دوسرے کو منافقانہ چالوں سے مات دینا چاہتے ہیں۔ انہوں نے شہبازشریف سے متعلق کہا کہ وہ جو انگلی ہلا ہلا کر کہتے تھے کہ اگر ایک دھیلے کی کرپشن ثابت ہو جائے تو سزا بھگتنے کے لیے تیار ہوں آج نیب کورٹ میں انکی کرپشن کی تمام داستانیں بیان ہوئیں، آج ترچھی ٹوپی والی سرکار پر فرد جرم عاید ہوگئی جس کے بعد عوام کے سامنے ان کا اصل چہرہ ظاہر ہو گیا ہے۔