کورنا:چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ سمیت 34افراد جان کی بازی ہار گئے(آزاد کشمیر کی عدالت میں لاک ڈائون)

325

اسلام آباد/ لاہور/ پشاور/ راولا کوٹ (مانیٹرنگ ڈیسک+ نمائندہ جسارت+ خبر ایجنسیاں) پاکستان میں کورونا کی دوسری لہر کی شدت تیز ہوتی جارہی ہے جس کے نتیجے میں روز متاثرہ مریضوں کی تعداد اور اموات میں اضافہ ہورہا ہے۔ آزاد کشمیر کی تمام عدالتوں میں لاک ڈاؤن کردیا گیا ہے ،عالمی وبا کے باعث چیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ، ایڈیشنل سیشن جج لاہور اظفر سلطان سمیت مزید 34 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں جبکہ چیئرمین این ڈی ایم اے لیفٹیننٹ جنرل محمد افضل، سابق وزیر اعظم راجا پرویز اشرف، صوبائی وزیر صمصام بخاری اورایڈیشنل آئی جی ایڈمن ریلوے پولیس ملک عتیق سمیت1808 کورونا کا شکار ہوگئے ہیں۔ وزیر تعلیم پنجاب نے اسکول بند کرنے کا عندیہ دے دیا ہے۔وزیر اعظم کے معاون خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ شادی تقریبات کی وجہ سے مرض تیزی سے پھیل رہا ہے، مشکل فیصلے نہ کیے توصورتحال خراب ہوسکتی ہے۔تفصیلات کے مطابق عالمی وبا کورونا وائرس کے سبب پاکستان میں مزید34 افراد جان کی بازی ہار گئے ہیں اور مرنے والوں کی مجموعی تعداد 7ہزار55 ہوگئی ہے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن کے مطابق ملک میں کورونا کے ایک ہزار808نئے کیسزرپورٹ ہوئے اور متاثرین کل تعداد3 لاکھ49 ہزار992 تک پہنچ گئی ہے۔پاکستان میں کورونا کے3 لاکھ20ہزار849 مریض صحتیاب ہوچکے ہیں اور22 ہزار88زیرعلاج ہیں۔گزشتہ روزچیف جسٹس پشاور ہائیکورٹ جسٹس وقار احمد سیٹھ کورونا کے باعث انتقال کرگئے۔ ترجمان پشاور ہائیکورٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق چیف جسٹس وقار احمد سیٹھ کورونا کے مرض میں مبتلا تھے، وہ اسلام آبادکے کلثوم انٹرنیشنل اسپتال میں زیرعلاج تھے۔ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج لاہوراظفر سلطان بھی وبا کے باعث انتقال کر گئے۔ ادھر راولاکوٹ سمیت آزاد کشمیر بھر میں مرض نے شدت پکڑ لی ہے۔ آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے قائمقام چیف جسٹس اظہر سلیم بابر اور آزاد کشمیر ہائی کورٹ کے سینئر جج اور وائس چیئرمین پریس فائونڈیشن آزاد کشمیر صداقت راجا ایڈووکیٹ بھی کورونا میں مبتلا ہو گئے۔ جس کے بعد آزاد کشمیر بھر کی عدالتوں میں لاک ڈائون کر دیا گیا ہے۔ وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے صحت ڈاکٹر فیصل سلطان نے کہا ہے کہ شادی تقریبا ت کی وجہ سے کورونا تیزی سے پھیل رہا ہے، اب ہمیں مشکل اور سخت فیصلے کرنا ہوں گے ورنہ صورت حال بہت خراب ہوسکتی ہے۔انہوںنے کہاکہ عوام کی اکثریت کورونا کو سنجیدگی سے نہیں لے رہی اسی وجہ سے اب مشکل اور سخت فیصلے کرنے کا وقت آگیا ہے کیونکہ کورونا کی دوسری لہر پہلے سے زیادہ خطرناک ہوسکتی ہے۔ فیصل سلطان نے کہاکہ پاکستان میں کورونا ویکسین پہنچنے میں ابھی بہت وقت لگے گا۔