قومی ہاکی چیمپئن شپ،نیشنل بینک نے پورٹ قاسم کو 8-1 سے ہرادیا

226

راولپنڈی(جسارت نیوز) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے زیراہتمام قومی سینئر ہاکی چیمپین شپ 2020ء کے پانچویں روز پانچ میچز کھیلے گئے۔ اس موقع پرا سپورٹس کنسلٹنٹ ماڑی پیٹرولیم بریگیڈیئر سلیم نواز ,کرنل ر احمد نواز اور پی ایچ ایف خزانچی اخلاق عثمانی بھی موجود تھے۔ایونٹ کے پانچویں دن کا پہلا میچ پاکستان آرمی اور پاکستان واپڈا کے مابین کھیلا گیا جو پاکستان واپڈا نے پاکستان آرمی کو 3-4 سے شکست دے دی. پاکستان واپڈا کی جانب سے علیم بلال نے دو,علیم عثمان اور تصور عباس نے ایک ایک گول اسکور کیا جبکہ پاکستان آرمی کی جانب سے وسیم اکرم, محمد فرحان اور علی حیدر نے گول اسکور کیا۔ دوسرا میچ نیشنل بینک اور پورٹ قاسم کے مابین کھیلا گیا جونیشنل بینک نے 1-8 سے جیت لیا،نیشنل بینک کی جانب سے محمد دلبر نے ایک,ارسلان قادر نے دو,بلال قادر نے دو,شان ارشاد,فیضان اور ابوبکر نے ایک ایک گول اسکور کیا۔پورٹ قاسم کی جانب سے واحد گول سمیع نے اسکور کیا۔تیسرا میچ پاکستان نیوی اور سوئی سدرن کے مابین کھیلا گیا جو سوئی سدرن نے 0-4 سے جیت لیا۔ سوئی سدرن کی جانب سے احمد ندیم اور غضنفر نے ایک ایک جبکہ مبشر علی نے دو گول اسکور کیے۔ایونٹ کا چوتھا میچ ماڑی پیٹرولیم اور پاکستان پولیس کے مابین کھیلا گیا جوکہ ماڑی پیٹرولیم نے 1-6 سے جیت لیا. ماڑی پیٹرولیم کی جانب سے ارباز احمد نے تین, عبدالرحمن نے دو,عمیر ستار نے ایک گول اسکور کیا.جبکہ پاکستان پولیس کی جانب سے واحد گول اسکور پینلٹی کارنر کے دوران عمیر نے کیا۔ایونٹ کا پانچواں میچ پاکستان ایئر فورس اور پنجاب کے مابین کھیلا گیاجو پاکستان ائرفورس نے 0-3 سے جیت لیا۔ائرفورس کی جانب سے نعمان نے ایک جبکہ عبدالرحمان نے دو گول اسکورکیے۔