واشنگٹن (انٹرنیشنل ڈیسک) امریکا نے ایران پر دباؤ برقرار رکھنے کے لیے مختلف ملکوں سے تعلق رکھنے والی 6 کمپنیوں اور 4 افراد پر نئی پابندیاں عاید کردی ہیں۔ خبر رساں اداروں کے مطابق امریکا نے ان افراد اور کمپنیوں پر ایران کی ملکیتی ایک فوجی فرم کو حساس اشیا مہیا کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔ اس سلسلے میں محکمہ خزانہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ پابندیوں کی زد میں آنے والے افراد اور کمپنیوں نے امریکی ساختہ برقی آلات سمیت حساس اشیا ایران کی کمیونیکیشن انڈسٹریزکومہیا کی تھیںجب کہ ایران کی اس فوجی فرم کو امریکا اور یورپی یونین نے بلیک لسٹ قرار دے رکھا ہے ۔ محکمہ خزانہ کے مطابق ایران کی یہ فرم فوجی مواصلاتی نظام ، ایویانکس اورمیزائل لانچر تیار اورمہیا کرتی ہے۔ محکمے نے ان افراد اور اداروں کے خلاف یہ اقدام ایک اتھارٹی کے تحت کیا ہے، جس کے تحت وسیع پیمانے پر تباہی والے ہتھیار پھیلانے کے ذمے داروں اوران کے حامیوں کے خلاف پابندیاں عاید کی جارہی ہیں۔ان کے امریکا میں موجود اثاثے منجمد کیے جارہے ہیں اور امریکیوں پر ان سے کسی قسم کے کاروبار پر پابندی عاید کی جارہی ہے۔