مسلم لیگ (ن) ڈٹی ہوئی ہے ،ظلم کے آگے نہیں جھکیں گے، مریم نواز

184

نگر خاص(صباح نیوز)مسلم لیگ(ن)کی نائب صدر مریم نواز نے وزیراعظم عمران خان پرتنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں کچھ نہیں پتا کہ ملک میں کیا ہو رہا ہے، حکومت کوئی اور چلا رہا ہے، کرسی پر صرف عمران خان بیٹھا ہے، نوازشریف، مریم نواز اورمسلم لیگ (ن)ڈٹی ہوئی ہے کہ ظالم کے آگے نہیں جھکیں گے، ہمارے سروں پر مسلط شخص کتنی ڈھٹائی سے کہہ رہا ہے کہ مہنگائی تو نہیں یہ صرف پروپیگنڈا ہے ،جس انسان کو یہ پتا نہ ہو کہ اس کا کچن ، گھر اوراس کا خرچہ کون چلا رہا ہے اسے عوام کی تکلیف کا کیا احساس ہو گا،جو شخص بہنوں بیٹیوں کی عزت نہ کرنا جانتا ہو، وہ آپ کے ووٹ کا حقدار نہیں ہے۔نگر خاص میں انتخابی جلسہ سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ کیا نگر خاص کے عوام گواہی دیتے ہیں کہ پچھلے 70سال میں گلگت بلتستان اور نگر خاص میں جتنے کام نہیں ہوئے وہ نواز شریف اور حفیظ الرحمن کے پچھلے 5سال میں ہوئے ہیں اور اگر ہوئے ہیں تو 15نومبر کو تاریخی دن آ رہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ شاید ہی کوئی ظلم ہو جو نواز شریف کے اوپر انہوں نے نہ کیا ہو، عمران خان جیسے چھوٹے اور ظالم شخص کے دماغ میں صرف اور صرف حسد اور انتقام کا بھوت سوار ہے، اس نے جس طرح نواز شریف، مسلم لیگ(ن)اور آپ کی جماعت کو انتقام کا نشانہ بنایا ہے تو کوئی ڈرپوک ہوتا تو ایک طرف ہٹ جاتا لیکن نواز شریف نے ہر ظلم بہادروں کی طرح اپنے سینے پر سہا اور اپنی بیٹی کو جیل جاتا ہوا بھی دیکھا۔مریم نواز نے کہا کہ نگر خاص کے عوام محنت کرکے کمانے والے اور سر اٹھا کر جیتنے والے لوگ ہیں، عمران خان کی طرح ان کے ہاتھ امیر لوگوں کی جیبوں میں نہیں ہوتے، ان کا کچن اور خرچے کوئی امیر آدمی نہیں اٹھاتا۔انہوں نے کہا کہ پاکستان بھر سے لوگ جھولیاں بھر بھر کر عمران خان اور اس کی جعلی حکومت کو بددعائیں دے رہے ہیں، لوگوں کو سمجھ نہیں آ رہی کہ وہ گیس، بجلی کے بل دیں، بچوں کے اسکول کی فیسیں دیں، کتابوں اور یونیفارم کا خرچہ اٹھائیں، گھر کا چولہا جلائیں یا اپنے گھر میں بیمار لوگوں کی دوائیوں کے خرچ اٹھائیں۔ان کا کہنا تھا کہ جس انسان نے پاکستان کے کسی صوبے میں ایک اینٹ نہ لگائی ہو، جس کے آس پاس سارے آٹا چینی چور اور عوام کی جیب پر ڈاکے ڈالنے والے بیٹھے ہوں، جس کی حکومت اب جانے والی ہو تو کیا گلگت بلتستان اور ہنزہ کے عوام اسے ووٹ دے کر اپنا ووٹ ضائع کریں گے۔ مریم نواز نے کہا کہ اب یہ حکومت آخری دھکے کے بعد جانے والی ہے، یہ قوم کی مجرم ہے، اس سال کے ختم ہونے سے پہلے پہلے یہ حکومت واپس جانے والی ہے۔