کراچی واقعے کی تحقیقات،ذمے داران کیخلاف کارروائی خوش آئند ہے، بلاول

202

اسلام آباد،گلگت ( آن لائن ،صباح نیوز) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری نے کہا ہے کہ کراچی واقعے کی انکوائری مکمل ہونے کا خیرمقدم کرتے ہیں، ایسے اقدامات سے ادارے مضبوط ہوتے ہیں، میں نے آرمی چیف سے انکوائری کرنے کا مطالبہ کیا تھا۔ انہوں نے اپنے بیان میں کہا کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کے احکامات پر کراچی واقعے کی انکوائری مکمل کی گئی۔کراچی واقعے پر آرمی چیف سے انکوائری کا مطالبہ کیا تھا۔ بلاول زرداری نے کہا کہ مجھے خوش خبری ملی ہے کہ انکوائری ہوئی، انکوائری مکمل ہوئی اور ایکشن بھی لیا گیا۔ ہمیں انکوائری اورایکشن پر مبنی اقدام کا خیرمقدم کرنا چاہیے۔اس قسم کے اقدام سے اداروں کی ساکھ بہتر ہوتی ہے۔ بلاول نے کہا کہ جمہوری طریقہ یہی ہے کہ غلطی ہوتو تحقیقات ہو اورایکشن لیا جائے۔ امید ہے اس شروعات کو آگے لے کرچلیں گے۔ جمہوریت اور پاکستان کیلیے ہم سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ علاوہ ازیںچیئرمین پاکستان پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا ہے کہ پندرہ نومبر کو پیپلز پارٹی گلگت بلتستان میں حکومت بنا رہی ہے۔ جنوری کے بعد اتحادیوں کے ساتھ وفاق میں حکومت بنائیں گے، گلگت بلتستان کو آئینی حقوق دلائیں گے۔ عوام دوست معاشی پالیسی لے کرآئیں گے،نگر میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول زرداری نے کہا کہ عوام پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہیں۔ گلگت بلتستان کو جو بھی حقوق ملے ہیں وہ پیپلز پارٹی نے دیے ہیں ۔بلاول زرداری نے کہا کہ پڑھے لکھے نوجوان ڈگری لے کر گھوم رہے ہیں، انہیں روزگار نہیں مل رہا۔ ہمارے وزیراعظم سلیکٹڈ کے ساتھ منافق بھی ہیں، بلاول زرداری نے کہا کہ پاکستان میں کچھ علاقوں میں ایسی سازشی عناصر ہیں جو علیحدگی تحریک چلا رہے ہیں مگر گلگت بلتستان کے عوام شمولیت کی تحریک چلا رہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کو آئین دیا جبکہ 2018 سے میرا وعدہ ہے گلگت بلتستان کے عوام کو صوبہ دینا ہے۔بلاول زرداری نے پہاڑوں کو گواہ بنا کر وعدہ کیا کہ میں گلگت بلتستان کو آئین اور آئینی حقوق دلائوں گا۔انہوں نے کہا کہ مجھے نگر سے ایک سیٹ نہیں بلکہ دو سیٹیں چاہییں۔