متحدہ عرب امارات ترکی اور ایران کی پالیسیوں سے متفق نہیں، وزیر خارجہ

597

ابوظہبی : متحدہ عرب امارات ( یو اے ای ) کے وزیر خارجہ انور غرقاش کا کہنا ہے کہ ترکی اور ایران کی پالیسیوں سے متفق نہیں لیکن ان سے جنگ بھی نہیں چاہتے۔

غیرملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق  یو اے ای کے وزیر خارجہ نے  ابوظہبی اسٹریٹجک ڈیبیٹ کے سالانہ مذاکرے سے خطاب کر تے ہوئے کہاکہ خطے میں ترکی اور ایران مضبوط اور مستحکم ملکوں کے طور پر ابھر کر سامنے آئے ہیں، دونوں ممالک کی پالیسیوں سے یو اے ای کو اختلاف ہے لیکن متحدہ عرب امارات دونوں ملکوں سے جنگ نہیں چاہتا۔

 انور غرقاش نے مزید کہاکہ متحدہ عرب امارات مثبت سفارتی کوششوں اور تعمیری بات چیت کے ذریعے خطے کے دیگر ممالک کے ساتھ دوستانہ تعلقات قائم کرنا چاہتا ہے۔

یو اے ای کے وزیر خارجہ نے اسرائیل کے ساتھ تعلقات قائم کرنے کے معاہدے کا دفاع کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کے ساتھ معاہدے سے یو اے ای کی فلسطین کی آزادی کا موقف تبدیل نہیں ہوا ہے، اس معاہدے سے خلیجی ممالک کو فلسطین تنازعے میں بہتر کردار ادا کرنے کا موقع ملے گا۔