شوگر ملز وقت پر نہ چلانا زیادتی کے مترادف ہے، مردان شاہ

133

بدین (نمائندہ جسارت) جماعت اسلامی ضلع بدین کے امیر سید علی مردان شاہ نے کہا ہے کہ بدین ضلع میں شوگر ملز وقت پر نہ چلانا آبادگاروں کے ساتھ زیادتی ہے، لاکھ ایکڑ اراضی پر کھڑی گنے کی فصل کو نقصان ہونے کا خدشہ ہے۔ شوگز ملز وقت پر چلاکر آبادگاروں کو ہونے والے نقصان سے بچایا جائے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز جماعت اسلامی ضلع بدین کی پہلی عمومی شوریٰ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدین ضلع میں لاک ڈائون اور طوفانی بارشوں نے بدین میں تباہی مچادی تھی جس کی وجہ سے ہزاروں افراد بے روزگار ہوچکے تھے اور ہزاروں متاثرین آسمان تلے امداد کے منتظر بیٹھے تھے لیکن حکومت نے متاثرین کے لیے جو اعلانات کیے تھے وہ کافی عرصہ گزر جانے کے باوجود اعلانات ادھورے رہ گئے لیکن بدین ضلع میں ہونے والی آفت سے غریب طبقے کے لوگوں ہر قسم کی بنیادی سہولیات سے محروم کردیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ بدین میں ہونے والی آفت کے بعد شوگر ملز تاخیر سے چلانا آبادگاروں سے ناانصافی اور زیادتی ہے۔ انہوں نے مطالبہ کیا کہ شوگر ملز بلا تاخیر چلاکر آبادگاروں میں ہونے والی بے چینی ختم کی جائے۔ اس موقع پر نائب امراء اضلاع سید دائود شاہ گیلانی، غلام رسول احمدانی، اللہ بچایو ہالیپوتہ، عبدالکریم بلیدی، محمد موسیٰ ملاح، ضلع بدین کے جنرل سیکرٹری عبداللطیف کھوسہ و دیگر ذمے داران بھی موجود تھے۔