لاڑکانہ(نمائندہ جسارت) لاڑکانہ میں گھر بچائو کمیٹی کی جانب سے ممکنہ طور پر رائس کینال، گھاڑ واہ اور آبڑو واہ کے دونوں اطراف 10 ہزار سے زائد گھر تعمیر کرنے کے خلاف شہر کے لاہوری ریگولیٹر پر احتجاجی مظاہرہ کرکے دھرنا دیا گیا جس کے باعث ٹریفک کی آمد و رفت معطل ہوگئی جبکہ چند رہائشیوں نے کفن پہن کر دھرنے میں شرکت کی۔اس موقع پر گھر بچائو کمیٹی کے رہنماؤں محمد قاسم چانڈیو، ڈاکٹر ذوالفقار چانڈیو و دیگر کا کہنا تھا کہ ہم 40 سالوں سے رائس کینال، گھاڑ واہ اور آبڑو واہ کے دونوں اطراف گھر تعمیر کرکے رہائش اختیار کررہے ہیں لیکن ایک سوچی سمجھی سازش کے تحت 10 ہزار گھروں پر مشتمل دو لاکھ آبادی کو بے گھر کیا جا رہا ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے ہمیں سوئی گیس، بجلی و دیگر سہولیات فراہم کی گئی تاہم اب ہماری آبادی کو غیرقانونی اور تجاوزات میں شمار کرکے ہمارے ساتھ ناانصافی کی جارہی ہے۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ ہمیں بے گھر ہونے سے بچاکر سندھ اسمبلی میں قرارد پیش کرکے ہماری پریشانی دور کی جائے۔