حکومت کا جہاز ڈوب رہا ہے‘اب کوئی سوار نہیں ہوگا‘مریم نواز

218

گلگت بلتستان (صباح نیوز) مسلم لیگ (ن) کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ حکومت کا جہاز ڈوب رہا ہے جس میں اب کوئی سوار نہیں ہوگا بلکہ اس سے چھلانگ لگائے گا‘ جعلی حکومت کو کبھی تسلیم نہیں کیا‘ اس کی قسمت میں عوام کی خدمت کرنا نہیں لکھا‘پاکستان کو جو بیماری لاحق ہے اس کا نام عمران خان اور پی ٹی آئی ہے‘ یہ بیماری ماسک پہننے سے نہیں جائے گی‘ اٹھا کر باہر پھینکنا پڑے گا۔ گلگت بلتستان کے علاقے گوپس میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے انہوںنے کہا کہ یہ اجتماع بتا رہا ہے کہ گلگت بلتستان میں شیر آئے گا کیونکہ یہ جعلی حکومت ہے اس سے درخواست کرنے کا کیا فائدہ، اگر آپ کو آپ کا حق نہیں دیا جا رہا تو آنے والے الیکشن میں شیرکو ووٹ دو اور اپنے حقوق کے ساتھ جیو۔ مریم نواز نے کہا کہ جعلی حکومت گوپس کے فنڈز روک کر بیٹھی ہے‘ دیامراور بھاشا ڈیم پر نوازشریف نے جو کام کیا آج تک کسی نے نہیں کیا۔مریم نواز نے کہا کہ اس حکومت کو ایک ہی کام آتا ہے جس کا نام انتقام، بدزبانی اور نوازشریف سے حسد ہے‘ عمران خان جیسے شخص کا نام لینے پر بھی تکلیف ہوتی ہے‘ اس کا نام بھی لینا گوارا نہیں کرتی لیکن مجبوراً عوام کے مجرم کا نام لینا پڑتا ہے‘ وہ جھوٹا آدمی ہے لیکن جب علاج مقصود ہو تو بیماری کا نام لینا پڑتا ہے‘ پاکستان کو آج جو بیماری لاحق ہے اس کا نام ہے عمران خان ہے‘ تحریک انصاف جو جوڑ توڑ کر بنائی گئی ہے‘ ملک میں کورونا جیسی یہ بیماری2018ء میں ہی آگئی تھی‘ یہ بیماری ماسک پہننے سے نہیں جائے گی بلکہ اسے اُٹھا کر باہر پھینکنا ہو گا کیونکہ اس بیماری نے ملکی اداروں کی جڑوں، معیشت، اخلاق اور وفاق کی اکائیوں کو کھوکھلا کردیا ہے۔ مریم نواز نے کہا کہ نواز شریف کے مخالفین اخلاق سے گرے ہوئے لوگ ہیں جن کا کام بدزبانی اور انتقامی کارروائیاں کرنا ہے‘ عمران خان اور اس کے ساتھی جب منہ کھولتے ہیں تو غلاظت ٹپکتی ہے‘ ایسے شخص کا مقام وزیراعظم ہائوس نہیں‘ ایسے شخص کو عوام کے حوالے کردو تاکہ عوام دودھ کا دودھ اور پانی کا پانی کردیں۔ مریم نواز نے کہا کہ جہاز ڈوب رہا ہے اور ڈوبتے جہاز پر کوئی سوار نہیں ہوتا بلکہ اس سے نیچے چھلانگ لگاتا ہے‘ عوام نے لوٹوں کو ووٹ نہیں دینا بلکہ شیر پر ٹھپا لگانا ہے‘ لوٹوں کی جگہ پولنگ اسٹیشن میں نہیں بلکہ بیت الخلا ہوتی ہے‘ ان لوٹوں کو یہاں بہتے دریا میں ہمیشہ کے لیے بہادیں گے۔