محنت کشوں کی صحت و سلامتی کو یقینی بنایا جائے،سراج الحق

109

امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے نیشنل لیبر فیڈریشن کے صدر شمس الرحمن سواتی کی ملاقات۔ مزدور مسائل باالخصوص کان کنوں کے درپیش مسائل پر بات چیت کی۔ نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے صدر شمس الرحمن سواتی نے امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق سے پارلیمنٹ لاجز میں ملاقات کرکے انہیں مزدوروں خاص طور پر کوئلے کی کانوں میں کام کرنے والے کان کنوں کے مسائل سے آگاہ کیا۔ اس موقع پر شمس الرحمن سواتی نے کانکنوں کے مسائل اور مائنز قوانین میں بہتری اور ترامیم کے لیے فیڈریشن کی طرف سے تجاویز پیش کیں۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ ہم مزدور مسائل کو سمجھتے ہیں اس لیے کہ ہمارا تعلق بھی اسی کلاس سے ہے۔ انہوں نے مزدوروں کی عدم رجسٹریشن، مستقل ملازمتوں سے محرومی، ٹھیکیداری نظام، ان فارمل سیکٹر کے مزدوروں، گھروں، دکانوں، پٹرول پمپوں، ہوٹلوں، منڈی، بازار، تعمیرات، فشریز، بھٹہ مزدور کو لیبر قوانین اور سوشل سیکورٹی کی عدم فراہمی پر سخت تشویش کا اظہار کیا۔ انہوں نے مزدوروں کو کام کی مناسبت سے حفاظتی آلات کی عدم فراہمی پر
تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ اس کی وجہ سے آئے روز حادثات میں مزدوروں کی قیمتی جانیں ضائع ہوتی ہیں اور مستقل معذوری کا سامنا ہوتا ہے۔ واپڈا کے لائن مین ہوں یا بلدیات کے سینٹری ورکرز، کان کنوں کی طرح یہ بھی خطرات سے کھیلتے ہیں۔ فیکٹری میں بھی مزدور کے تحفظ کا خیال نہیں رکھا جاتا اور حفاظتی آلات سے محرومی کے باعث مزدور کی جان ہر وقت خطرے میں ہے۔ حکومتیں، اداروں کی انتظامیہ اور حکومتوں کے وہ ادارے جو اس کے لیے ہیں وہ سب اس میں بدترین کوتاہی کے مرتکب ہورہے ہیں۔