مہنگائی کیخلاف جماعت اسلامی کا بونیر میںزبردست جلسہ، اب عمران کو بھی جانا ہے، سراج الحق

1184
بونیر:امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق جلسہ عام سے خطاب کررہے ہیں

لاہور (نمائندہ جسارت) امیر جماعت اسلامی پاکستان سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ موجودہ حکومت پیپلز پارٹی اور ن لیگ کا ہی تحفہ ہے‘ سابق حکمران جماعتوں اور مشرف کے بگوڑوں کو جمع کرکے پی ٹی آئی بنائی اور پھر ان کو عوام پر مسلط کردیا گیا‘ عمران خان کہتے تھے جس دن میرے خلاف چند ہزار لوگ نکل آئے میں استعفا دے کر گھر چلا جائوں گا ‘اب ان کی غیرت کا امتحان ہے‘ پورے ملک کے عوام ان کے خلاف سراپا احتجاج ہیں‘ پہاڑوں میں جمع ہونے والے لاکھوں لو گ جب اسلام آباد کا رخ کریں گے تو بڑے بڑے محل بھی حکمرانوں کو پناہ نہیں دے سکیں گے‘ وزیر اعظم بڑے فخر سے ٹرمپ کو اپنا دوست کہتے تھے‘ ٹرمپ چلاگیا اب انہیں بھی جانا ہوگا‘بے حس حکمران عوام کے منہ سے روٹی کا نوالہ چھین کر کہتے ہیں ملک ترقی کر رہا ہے‘ ہر وعدے پر یوٹرن لینے والے وزیر اعظم کے کسی وعدے پر اب عوام کو اعتماد نہیں رہا‘ سابق اور موجودہ حکمران پارٹیوں کو ایک دوسرے کا مخالف سمجھنے والے خود فریبی سے نکلیں‘ حکومت اور اپوزیشن ایک ہی نظریے اور کلچر کے لوگ ہیں‘ ان کی پالیسیوں میں کوئی اختلاف نہیں‘ اختلاف صرف مفادات میں ہے‘ دونوں اپنے اپنے مفادات کے لیے لڑ رہے ہیں‘ عوام کی پریشانیوں اور مسائل سے ان کو کوئی سروکار نہیں‘ اصل اپوزیشن جماعت اسلامی ہے‘ ہم عوام کو ظلم و جبر کے اس استحصالی نظام سے نجات دلانے کے لیے میدان میں نکلے ہیں‘ عوام کی پریشانیوں اور مصیبتوں کو دور کیے بغیر چین سے نہیں بیٹھیں گے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے کالج گرائونڈ بونیر میں بڑے عوامی جلسے سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جلسے سے خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد، سابق صوبائی وزیر حبیب الرحمن، ضلعی امیر باچا خان نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع اور سیکرٹری اطلاعات قیصرشریف بھی موجود تھے۔ سینیٹر سراج الحق نے کہا کہ پی ٹی آئی کی حکومت نئی حکومت نہیں بلکہ سابق حکومتوں کا تسلسل ہے‘ حکومت کو چلانے والے لوگ پہلے پیپلز پارٹی، مسلم لیگ اور جنرل (ر) مشرف کے ساتھ تھے اور اب پی ٹی آئی میں جمع ہوگئے ہیں‘73 سال سے ملک پر مسلط یہی جاگیر دار اور سرمایہ دار عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں‘ اس حکومت نے عوام کی گردن مروڑنے اور خون نچوڑنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی‘ پی ٹی آئی نے نوجوانوں کو تعلیم اور روز گار سے محروم کیا‘ پاکستان کے اسلامی تشخص کو مذاق بنایا‘ ہماری تہذیب اور نظریے کا مذاق اڑایا اور ہمارا حال اور مستقبل تباہ کیا‘ کشمیر کو بھارت کے لیے ترنوالا بنایا‘ ایک کروڑ نوجوانوں کو نوکریاں دینے اور50 لاکھ بے گھر افراد کو مکانات دینے کا اعلان کرنے والوں نے کوئی ایک مکان بنایا نہ کسی ایک بے روز گار کو روز گار دیا‘حکمرانوں نے اپنے دو، ڈھائی سال میں 40 لاکھ سے زیادہ لوگوں کو روزگار اور ہزاروں کو چھت سے محروم کیا‘ موجودہ حکومت کے مختصر دور میں آٹا، چینی اور گھی کی قیمتیں 3 گنا تک بڑھ گئیں‘ اشیائے خورد ونوش عوام کی پہنچ سے باہر ہوگئی ہیں‘ مزدور اور کسان فاقہ کشی پر مجبور ہیں اور وزیر اعظم دعوے کر رہے ہیں کہ ملک ترقی کر رہا ہے۔ سینٹر سراج الحق نے کہا کہ عمران خان کہتے تھے کہ دنیا کو میرے اور ٹرمپ جیسی قیادت کی ضرورت ہے‘ ٹرمپ ہار گیا اب عمران کی باری ہے‘جھوٹ بولنے کا عالمی ورلڈ کپ ہوا تو ہمارے وزیر اعظم جیت جائیں گے‘ پی ٹی آئی کو ووٹ اور سپورٹ دینے والے شرمندہ ہیں اور عوام کا سامنا کرنے سے گھبرا رہے ہیں‘ وزرا ایک دوسرے کو نااہلی اور نالائقی کے طعنے دیتے اور نکموں کے القابات سے نوازتے ہیں‘ تبدیلی کا نعرہ لگانے والوں سے جب تبدیلی کے بارے پوچھا جاتا ہے تو کہتے ہیں کہ ہم نے فلاں افسرکو 4 بار اور فلاں کو5 بار تبدیل کیا اور تبدیلی کیا ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حقیقی تبدیلی صرف جماعت اسلامی لاسکتی ہے ‘ہمیں نیب سے کوئی مسئلہ ہے نہ کسی عدالت میں ہمارے خلاف کوئی مقدمہ ہے‘ہمارا مسئلہ ملک کے پسے ہوئے عوام، مزدور اور کسان ہیں‘ ہمارا مسئلہ ملک کے وہ کروڑوں بچے ہیں جو تعلیم سے محروم ہیں‘ وہ کروڑوں نوجوان ہیں جنہیں نوکریاں نہیں مل رہیں وہ کروڑوں مظلوم ہیں جو انصاف کے لیے عدالتوں اور کچریوں میں دھکے کھا رہے ہیں اور وہ ہزاروں بیمار ہیں جنہیں علاج کی سہولت نہیں مل رہی۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی ملک میں نظام مصطفیؐکے نفاذ کے لیے کراچی سے چترال تک قوم کو متحد کرے گی۔ جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سینیٹر مشتاق احمد نے کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے قرضے لینے کے تمام سابق ریکارڈ توڑ دیے ہیں‘ جتنے قرضے سابق حکومتیں اپنے 5 سالہ دور میں لیتی تھیں‘ موجودہ حکومت نے 2 سال میں لے لیے ہیں‘ عوام کے ٹیکسوں سے حاصل ہونے والی تمام آمدن قرضوں کا سود اتارنے میں جا رہی ہے‘ یہ حکومت رہی تو ملک کو دیوالیہ ہونے سے کوئی نہیں بچا سکتا‘ جماعت اسلامی عوام کی جنگ لڑ رہی ہے ‘ملک و قوم کو ان ظالم حکمرانوں سے نجات دلانے کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔