کورونا الرٹ: پشاور میں کاروبار رات دس بجے بند کرنے کا حکم

435

پشاور: خیبر پختونخوا حکومت نے پشاور میں کاروبار رات دس بجے بند کرنے کا اعلان کردیا گیا ہے۔

ذرائع ابلاغ کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت نے کورونا وبا سے متعلق این سی او سی کی رپورٹ پر حکومتی اقدام اٹھاتے ہوئے پشاور میں کاروبار رات 10 بجے بند کرنے کا اعلامیہ جاری کردیا جبکہ یہ  اعلامیہ محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا و قبائلی امور کی جانب سے جاری کیا گیا ہے۔

 تفصیلات کے مطابق  کے پی حکومت کے اعلامیے میں  کورونا وائرس کی دوسری لہر کے پیش نظر عوامی مقامات جیسے بازار، شاپنگ مالز، ریسٹورنٹس، ہوٹلز، بیکریز ، شادی ہالز اور حجام کی دکانیں رات 10 بجے بند ہوکردی جائیں گی جبکہ این سی او سی کے گزشتہ  اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام پارکس شام 6 بجے بند ہوجائیں گے اور صرف فارمیسی، تندور، گراسری شاپس، کلینک، اسپتال، پٹرول اور سی این جی پمپس پابندی سے مستثنی ہونگے۔

واضح رہے محکمہ داخلہ خیبر پختونخوا و قبائلی امور کی جانب سے جاری کردہ حالیہ اعلامیے میں مزید کہا گیا ہے کہ شہریوں کے لیے ماسک پہننا لازمی قرار دیا گیا ہے اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانونی کارروائی ہوگی۔

دوسری جانب ترجمان کمشنر کراچی کا کہنا تھا کہ سندھ بھر میں ماسک نہ پہننے والوں کو 500 سے 1000روپے تک کا جرمانہ کیا جائے گا (اب تک ماسک نہ پہننے پر26 افراد پر 13ہزار کا جرمانہ عائد کردیا ہے) جبکہ ملک بھر میں  این سی او سی نے ماسک نہ پہننے  والوں پر 100 روپے جرمانے کا اعلان کیا ہے۔

خیال رہے  وفاقی وزیر اسد عمر  نے  شہریوں سے  مدد لینے کا فیصلہ کیا ہے اور اس حوالے سے ایک نمبر شیئر کرتے ہوئے کہا ہے کہ شہری  کورونا ایس او پیز کی  خلاف ورزی کرنے والوں کی تصاویر اس نمبر پر بھیجیں  3336262-0335 :