کرا چی (نمائندہ جسارت)وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ نواز شریف اور مریم نواز سیاست کو بند گلی میں لے جا رہے ہیں‘ن لیگ اور پی ڈی ایم کے بیانیے میں فرق ہے‘ پیپلز پارٹی مسلم لیگ (ن)کے ساتھ نہیں چلے گی‘ کم از کم وہ استعفے نہیں دیں گے‘ عمران خان اپنی مدت پوری کریں گے‘ این آر او کے علاوہ ہر چیز پر بات ہوسکتی ہے‘ نیب این آر او کے علاوہ تمام معاملات پر بات چیت کو تیار ہے‘کل بلاول نے زور دار بیان دیا ہے‘ بلاول نے انٹرویو میں ذمے دارانہ رویہ اختیار کیا‘ گلگت بلتستان انتخابات میں تمام جماعتیں بھرپور حصہ لے رہی ہیں‘ دیکھتے ہیں ہارنے والے ہار کو تسلیم کریں گے یا نہیں‘ کراچی میں ریلوے اراضی پر قبضہ ختم کرنا چاہتے ہیں‘14 کلو میٹر تک کے سی آر ٹریک کو کلیئر کرالیا‘ خواہش ہے کہ سی پیک پشاور سے جلال آباد تک لے جائیں۔ کیمپ آفس کراچی میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان میں اگر گلگت
بلتستان کے عوام کا فیصلہ بھی قبول نہ کیا گیا تو اس سے سیاسی بدمزگی پیدا نہیں ہوگی‘ کوئی سیاست دان مذاکرات کا راستہ بند نہیں کرتا‘ میں نے اپنی سیاسی زندگی میں کوئی ایسا سیاستدان نہیں دیکھا کہ جو بات چیت کے بجائے محاذ آرائی پر یقین رکھتا ہو۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں مارشل لانہیں آسکتا‘ دنیا میں مارشل لا کے حالات نہیں ہیں‘ ایک جماعت نے دسمبر کا وقت دیا ہے اور دوسری نے جنوری کا‘20 فروری کو بتائوں گا کہ عمران خان5 سال پورے کرنے والا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم نے5 مال گاڑیاں نجی شعبے کو دے دی ہیں جبکہ 12مسافر ٹرینوں کی نجکاری کرنے جارہے ہیں۔ انہوں نے اعلان کیا کہ تمام مال گاڑیوں کی نجکاری کردی جائے گی کیوں کہ ایک ماہ میں نجی شعبے نے بہت اچھی کارکردگی دکھائی ہے۔ کراچی سرکلر ریلوے کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ پاکستان ریلوے کی جانب سے تیاری مکمل ہے‘ بقیہ بالائی، زیریں گزرگاہیں اور نالا حکومت سندھ کو تعمیر کرنا ہے۔ انہوں نے کہا کہ تجوری ہائٹز کا مکمل منصوبہ ریلوے کی زمین پر ہے اور لوگ اس منصوبے میں سرمایہ کاری سے مکمل گریز کریں۔
کراچی: وزیر ریلوے شیخ رشید احمد پریس کانفرنس کررہے ہیں