نوابشاہ (سٹی رپورٹر) ہیلتھ کیئر کمیشن کا اتائیوں کیخلاف کریک ڈاون 6 کلینک سربمہر، چھاپہ مار کارروائی کی اطلاع پر درجنوں اتائی ڈاکٹر کلینک بند کر کے فرار۔ ہیلتھ کیئر کمیشن اور محکمہ صحت شہید بے نظیر آباد کے ڈپٹی ڈائریکٹر امجد علی بھٹی نے محکمہ صحت کے دیگر افسران کے ہمراہ شہر میں اتائیوں کیخلاف کریک ڈائون کرتے ہوئے اتائی ڈاکٹروں کے 6 کلینک سربمہر کردیے، درجنوں اتائی ڈاکٹر قبل از وقت اطلاع ملنے پر اپنے کلینک بند کر کے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ ڈاکٹر امجد بھٹی نے صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہیلتھ کیئر کمیشن اتائیوں کا قلع قمع کرنے کے لیے اپنی تمام تر کوششیں بروئے کار لارہی ہے۔ ضلع بھر میں انسانی صحت سے کھیلنے والے اتائی ڈاکٹر کیخلاف چھاپا مار کارروائیاں جاری ہیں۔ اتائیوں کے سیل کیے گئے کلینک کیخلاف مؤثر کارروائی کے لیے حکومت سندھ کو تحریری آگاہ کریں گے۔ کلینک مالکان کیخلاف محکمہ صحت کی سفارشات پر مقدمات درج کروائے جائیں گے۔