یہ خوبصورتی آپ کے پیسوں کی وجہ سے ہے، علی امین

386

سکردو: وفاقی وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن اور پیپلزپارٹی نے گلگت بلتستان کے لوگوں کو صرف دھوکا دیا ہے اور عمران خان نے ووٹ ملنے سے پہلے ہی گلگت بلتستان کے لوگوں کو ان کا آئینی حق دے دیا تھا۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق سکردو جلسے میں وفاقی وزیر علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ نواز اور پاکستان پیپلزپارٹی نے اپنے وقت کے دوران گلگت بلتستان کیلئے کچھ نہیں کیا  جبکہ دونوں جماعتوں نے آپ لوگوں سے ووٹ لیااور کہا آئینی حقوق دیں گے لیکن ان لوگوں نے صرف آپ کو دھوکا دیا ہے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ وزیر امور کشمیر و گلگت بلتستان بنتے ہی میں نے گلگت بلتستان کے لوگوں کو آئینی حقوق دینے کے لیے جدوجہد شروع کردی تھی جبکہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی گلگت بلتستان کو صوبہ بنانے کے لئے تاخیری حربے استعمال کرتے رہے ہیں  اور یہ لوگ کہہ رہے تھے کہ انتخابات سے قبل صوبے کا اعلان نہ کرنا ورنہ ہمارا صفایا ہو جائے گا لیکن وزیراعظم عمران خان نے کہا میں پہلے دوں گا۔

وزیر امور کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان نے کہا میں پہلے دوں گا اور  گلگت بلتستان صوبہ بن نہیں رہا، بن گیا ہے جس پر میں آپ سب لوگوں کو مبارکباد پیش کرتا ہوں جبکہ  اسکردو میں 250 بستروں پر مشتمل اسپتال اور ایئرپورٹ کی تعمیر کا کام شروع ہو گیا ہے اور اس کے علاوہ 7 ارب کے گرڈ اسٹیشن پر بھی کام شروع ہو گیا ہے جس سے آپ لوگوں کے بجلی کے مسائل جلد حل ہو جائیں گے۔

علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ میڈیکل کالج اور انجنیئرنگ یونیورسٹی کی بھی منظوری ہو چکی ہے اور ماضی کی حکومتوں کی نیت ہی ٹھیک نہیں تھی اس لئے دونوں حکومتوں نے گلگت بلتستان کو سی پیک میں شامل نہیں کیا تھا تاہم موجودہ حکومت نے گلگت بلتستان میں اکنامک زون کیلئے زمین خرید لی ہے اس سے نوجوانوں کے لئے روزگار کے مواقع فراہم ہوں اور جلد ہی اس پر کام بھی شروع ہو جائے گا۔

دوسری جانب علی امین گنڈاپور کا کہنا تھا کہ مریم نواز نے عوام کے ٹیکس کے پیسے کا غلط استعمال کیا ہے اور اگر تھوڑا بھی پیسہ اپنی ذات کی بجائے عوام پر لگاتیں تو آج یہاں اتنے مسائل نہ ہوتے اور یہ خوبصورتی آپ کے پیسوں کی وجہ سے بھی ہے جبکہ ن لیگ کے دور حکومت کے دوران گلگت بلتستان کا گندم کا کوٹہ ختم کردیا گیا تھا مگر اب گندم کا کوٹہ آ نہیں رہا بلکہ ایک لاکھ بوری گندم آ چکی ہے جو انتخابات سے قبل تقسیم کر دی جائے گی۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ نواز شریف اور آصف علی زرداری نے بڑے پیمانے پر بدعنوانیاں کیں اور کھربوں پتی بن گئے اور بیرون ممالک جائیدادیں اور اثاثے بنائے جبکہ عمران خان آپ لوگوں اور آپ لوگوں کے بچوں کے مستقبل اور حقوق کے لئے جنگ لڑ رہے ہیں اور وہ اکیلے ان بدعنوان عناصر کا مقابلہ کر رہے ہیں اور وزیراعظم عمران خان نے واضح طور پر کہا ہے کہ وہ اگر مر بھی جائیں تو ان ڈاکووں کو معاف نہیں کریں گے اور وہ قوم کیلئے بدعنوان عناصر کو ایک مثال قائم کرنا چاہتے ہیں تاکہ آئندہ کوئی بھی قوم کا پیسہ لوٹنے کے بارے سوچ بھی نہ سکے۔

واضح رہے  وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ آپ کے تمام اسپتالوں میں ڈاکٹرز کو بھرتی یہاں کیا جائے گا  میں بطور وفاقی وزیر نہیں پی ٹی آئی کے کارکن کی طرح بات کر رہا ہوں اور صرف وزیراعظم عمران خان آپ لوگوں کی تقدیر بدل سکتے ہیں اور وہی آپ کی امانت حقدار ہیں۔