پشاور جلسہ حکمرانوں کے خلاف بھرپور ریفرنڈم ثابت ہوگا، جے یو آئی

281

پشاور: جمیعت علماء اسلام (ف) کے مرکزی امیر اور پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کے سربراہ مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کی جماعتیں اپنے ایجنڈے پر متفق ہیں اور اپوزیشن کی کاوشیں کامیابی کے قریب ہیں۔

خبر رساں اداروں کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے مفتی محمود مرکز پشاور میں صوبائی عاملہ کے اراکین سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ  دسمبر تک حکومت کو نہیں دیکھ رہا اور اپوزیشن کی کاوشیں کامیابی کے قریب ہیں۔

تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان صاحب کا کہنا تھا کہ اپوزیشن کی تمام جماعتیں 25 جولائی 2018 کے دھاندلی زدہ انتخابات کے حوالے سے اپنے بیانیے پر قائم ہیں اور  گوجرانولہ کراچی اور کوئٹہ کے بعد پشاور میں جلسہ حکمرانوں کے خلاف بھرپور ریفرنڈم ثابت ہوگا جبکہ پی ڈی ایم ملک کو بچانے، آئین کے استحکام قانون و اداروں کی بالادستی اور ملک وعوام کو موجودہ حکومت سے نجات دلانے کے لیے میدان میں اتر چکی ہے۔

جمیعت علماء اسلام (ف) کے مرکزی امیر کا کہنا تھا کہ تمام اپوزیشن جماعتوں پروپیگنڈوں کے باوجود مشترکہ بیانیے پر قائم ہیں اور سلیکٹیڈ حکمرانوں کا زوال قریب ہے اور جنوری سے قبل ان شاءاللہ عوام کا غیض و غضب حکمرانوں کو گھر بھیجنے پر مجبور کردیگا۔

واضح رہے اس موقع پر صوبائی جنرل سیکرٹری مولانا عطاء الحق درویش، شمس الرحمن شمسی، عبدالجلیل جان، مولانا احمد علی درویش اور دیگر ارکان بھی اجلاس میں موجود تھے۔

دوسری جانب پاکستان ڈیمو کریٹک موومنٹ کا  چوتھا جلسہ 22 نومبر پشاور میں منعقد ہوگا۔