تمام وفاقی وزرا ، حکومتی عہدیداران کو 3 روز میں گلگت بلتستان چھوڑنے کا حکم

222

 

گلگت (خبر ایجنسیاں) چیف کورٹ گلگت بلتستان نے تمام وفاقی وزرا اور حکومتی عہدیداران کو 3 دن میں گلگت بلتستان چھوڑنے کا حکم دے دیا۔ جسٹس ملک حق نواز اور جسٹس علی بیگ پر مشتمل بینچ نے انتخابی مہم کے دروان ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر دائر درخواست کی سماعت کی۔ بینچ نے چیف الیکشن کمشنر، قائم مقام وزیراعلیٰ گلگت بلتستان اور چیف سیکرٹری کو فوری طور پر اس حکم پر عمل درآمد کی ہدایت کی ہے۔ دریں اثناچیف الیکشن کمشنر گلگت بلتستان راجا شہباز نے کہا ہے کہ انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرز کی چھپائی مکمل کرنے کے بعد سیکورٹی کا انتظام بھی مکمل کر لیا گیا ہے‘ مجموعی طور پر 1234 پولنگ اسٹیشنز بنائے گئے‘ ان میں 415 انتہائی حساس، 339 کو حساس قرار دیا گیا ہے۔جمعے کو گلگت میں ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ہم اس وقت جنگی حالات میں کام کر رہے ہیں‘ کام کی داد دینے کے بجائے تنقید کر نے کا عمل صحیح نہیں‘
انتخابات کو صاف، شفاف اور غیر جانبدار بنانے کے لیے کل دوبارہ آل پارٹیز کانفرنس بلائی ہے تاکہ مزید مشاورت کی جا سکے تاہم ابھی تک الیکشن کوڈ آف کنڈیکٹ کی خلاف ورزی پرکل 121 نوٹسز جاری کیے گئے ہیں‘سب سے زیادہ نوٹسز پی پی پی کو جاری کیے گئے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی امیدوار مذہبی کارڈ استعمال کرے گا‘ اسے نااہل قرار دیا جائے گا۔