لاڑکانہ (نمائندہ جسارت) لاڑکانہ اور گردونواح میں آوارہ کتوں کا راج، کندھکوٹ ضلع کے نواحی گاؤں میں آوارہ کتوں نے 8 سالہ بچی کی آنکھ پر کاٹ کر لہولہان کردیا، متاثرہ بچی کے والد کا مبینہ طور ویکسین فراہم نہ کرنے پر احتجاج، احتجاج کے بعد ویکسین دی گئی، مزید 8 افراد کو بھی آوارہ کتوں نے کاٹ کر زخمی کردیا۔ کندھکوٹ ضلع کے شہر غوث پور کے نواحی گاؤں رانو شیخ میں 8 سالہ بچی حیاتان شیخ کو آوارہ کتے نے آنکھ پر کاٹ کر شدید زخمی کردیا، جسے ان کے والد کریم بخش شیخ نے چانڈکا اسپتال کے شعبہ حادثات میں قائم اینٹی ربیز سینٹر منتقل کیا جہاں مبینہ طور پر ویکسین فراہم نہ کرنے پر کریم بخش نے احتجاج کرتے ہوئے بتایا کہ بیٹی حیاتان کو آورہ کتے نے آنکھ پر کاٹ کر زخمی کردیا۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ بیٹے کو جب سینٹر منتقل کیا تو ڈاکٹروں نے پہلے لگائی گئی ویکسین کا ریکارڈ طلب کیا جو میرے پاس نہیں، انہیں منت سماجت کی تاہم بیٹی کو ویکسین نہیں دی گئی، کریم بخش کے احتجاج کی خبریں میڈیا پر نشر ہونے کے بعد سینٹر انتظامیہ نے بچی حیاتان شیخ کو ویکسین دے کر گھر بھیج دیا۔ دوسری جانب لاڑکانہ شہر اور گردونواح میں مزید 8 افراد کو آوارہ کتوں نے کاٹ کر زخمی کردیا، جن میں طالب بلوچ، عاشق علی، کامران، حمیدہ، نوید، انور، ساحل اور ندا شامل ہیں جنہیں سینٹر منتقل کرنے پر فوری ویکسین دی گئی۔