اسلام آباد(خبر ایجنسیاں) وفاقی وزیراطلاعات شبلی فرازکا کہنا ہے کہ پیپلزپارٹی ایسے بیانیے کا حصہ نہیں بنے گی جس سے دشمن خوش ہو۔وفاقی وزیراطلاعات شبلی فرازنے پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول زرداری کے بیان پررد عمل میں کہا کہ ہرسیاسی جماعت کا اپنا اپنا ایجنڈا ہوتا ہے، بلاول کو پتا چل گیا ہے ن لیگ انہیں استعمال کررہی ہے اورپیپلزپارٹی ایسے بیانیے کا حصہ نہیں بنے گی جس سے دشمن خوش ہو۔شبلی فرازنے کہا کہ پی ڈی ایم کی جماعتوں کا مختلف ایجنڈا ہے، پارٹیاں آہستہ آہستہ پی ڈی ایم بیانیے سے لاتعلقی ظاہرکررہی ہیں، جو کریک نظرآرہے تھے وہ اب ٹوٹنے شروع ہو گئے ہیں، ہمارا موقف ہمیشہ پاکستان اوراس کے ادارے رہے ہیں شبلی فراز نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی نے اپنی پوزیشن واضح کردی، اس سے پی ڈی ایم کو نقصان ہوگا، نوازشریف نے اس پلیٹ فارم کو ذاتی مفاد کی بھینٹ چڑھایا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کو پہنچنے والے نقصان کے بعد ہوسکتا ہے یہ پشاور کا جلسہ ملتوی کردیں کیوں کہ سابق وزیراعظم نوازشریف نے تصادم اور انتشار کا راستہ اختیار کیا ، کئی جماعتیں نہیں چاہیں گی کہ سیاسی ذاتی مفاد کے گرد گھومے، جب کہ ن لیگ کی اکثریت بھی اس بیانیہ کو پسند نہیں کرتی، اس کے علاوہ جلد دیگر جماعتیں بھی اس بیانیے سے خود کو الگ کریں گی۔شبلی فراز نے کہاہے کہ گلگت بلتستان میں پی ٹی آئی کے کامیاب جلسے اورعوامی پذیرائی عمران خان کی قیادت پراعتماداور انتخابی فتح کی نوید دے رہے ہیں۔وفاقی وزیر اطلاعات نے کہاکہ گلگت بلتستان کے عوام نے بھی اپوزیشن کا کھوکھلا بیانیہ رد کر دیا ہے۔ انہوںنے کہاکہ ملک کے دیگرحصوں کی طرح گلگت بلتستان کوترقی کے قومی دھارے میں شامل کرنا عمران خان کاوژن اور وعدہ ہے۔