پاکستان کی تمام پارٹیاں موروثی سیاست کرتی ہیں، امیر العظیم

130

ملتان ( نمائندہ خصوصی) سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی پاکستان امیر العظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی جمہوری جماعت ہے اس میں عہدے نہیں ہوتے ذمے داری ہوتی ہے، اگرآئین کی دفعہ62،63 پر عمل کیا جائے تو جماعت اسلامی اور سینیٹر سراج الحق کے سوا کوئی نہیں بچے گا۔ بڑی بڑی سیاسی جماعتیں جمہوریت کا نعرہ تو لگاتی ہیں لیکن ان کی اپنی پارٹیوں میں بھی جمہوریت نہیں ہے تما م پارٹیاں موروثی سیاست کرتی ہیں۔جے آئی یوتھ جماعت اسلامی کا ہراول دستہ بن کر وڈیروں، جاگیرداروں اور سرمایہ داروں کا مقابلہ کرے گی۔ جماعت اسلامی کی قیادت ہی ملکی مسائل کو حل کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اب تک جتنے بھی حکمران آئے انہوں نے ملکی مسائل حل کرنے کے بجائے دلدل میں پھنسایا ہے ہمیں اس قوم کو مسائل کی دلدل سے نکالنا ہے۔ جماعت اسلامی پاکستان کے مرکزی میڈیا سیل کے مطابق ان خیا لات کا اظہار انہوں نے جماعت اسلامی یوتھ ملتان کے زیراہتمام مقامی ہال میں شمولیتی کنونشن سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نائب صدر جے آئی یوتھ پاکستان رسل خان بابر ، صوبائی سیکر ٹری جنرل صہیب عمار صدیقی، ضلعی امیر ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی، اطہر عزیز ایڈووکیٹ،شیخ اسرار حسین،چودھری سلمان سہو، فیضان جہانگیر بھی شریک تھے۔تقریب میں کوئٹہ سے پیدل سفر کرکے آنے والے نوجوان بلوچی اسکالر افضل خلجی بھی شریک ہوئے ۔ ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی نے کہا کہ جماعت اسلامی یوتھ ایک عرصے سے پاکستان اور شہر ملتان کے مظلوم پسے ہوئے عوام کی نمائندگی کررہی ہے۔ نوجوان عمران خان کی تبدیلی سے مایوس ہوچکے ہیں۔ڈاکٹر صفدر اقبال ہاشمی نے نئے شامل ہونے والے افراد کو مبارکباد دی۔ نائب صدر جے آئی یوتھ رسل خان بابر نے کہا کہ آج کا نوجوان بیروزگاری کا شکار، مایوسی،غربت اور ظلم و ستم کا شکار ہے۔افضل خلجی بلوچ ایمبیسیڈر نے کہا کہ میں الخدمت فاؤنڈیشن کا ایمبیسیڈر ہوں اور پیدل سفر کر کے محبت کا پیغام پہنچا رہا ہوں۔اس موقع پر شامل ہونے والے افراد نے حلف اٹھایا۔